لاہور(بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 100.01 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں اور بین الاقوامی ایئرپورٹس پر کی گئی کارروائیوں کے دوران آئس اور چرس کی بڑی مقدار قبضے میں لی گئی۔
پشاور ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں سے آئس برآمد
ترجمان کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے جوتوں سے 970 گرام آئس برآمد کی گئی۔ منشیات برآمد ہونے پر ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر خاتون گرفتار
ایک اور کارروائی میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والی ایک خاتون کے پیٹ سے 210 گرام وزنی 30 آئس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جس کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔
کویت بھیجے جانے والے پارسل سے آئس برآمد
اے این ایف نے لاہور کے علاقے اپر مال میں واقع ایک کوریئر آفس میں کارروائی کرتے ہوئے کویت بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی لی۔ پارسل میں موجود سنوکر ٹیبل کے اندر چھپائی گئی 2.520 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔
کوئٹہ اور اسلام آباد میں چرس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
بلوچستان کے علاقے بالیلی، ضلع کوئٹہ کے قریب ایک گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب مری روڈ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
مقدمات درج، مزید تحقیقات جاری
اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



