پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

ملکی مفاد سب سےمقدم،مستقبل نوجوانوں سے جڑاہے،سردار سلیم حیدر

ہائی ٹیک یونیورسٹی کے گریجویٹس ملکی ترقی میں موثر طریقے سے حصہ ڈال رہے،کانووکیشن سے خطاب

لاہور( بیورو چیف)گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے گز شتہ روز جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہائی ٹیک یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کانووکیشن میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس سنگ میل کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی کے گریجویٹس پاکستان کی ٹیکنالوجیکل ترقی میں موثر طریقے سے حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس قومی اور بین الاقوامی معروف اداروں سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں 64 فیصد نوجوان ہیں جن کے ساتھ ملک کا مستقبل جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر زماں حضرت محمدؐ ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیرت النبیؐ کے مطالعہ سے ہم اپنے کردار کو تعمیری اور مثبت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی برتری کو فروغ دینے اور HITEC یونیورسٹی کی ساکھ بڑھانے میں وائس چانسلر اور فیکلٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی اور مجموعی ترقی خوش آئند ہے۔
گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ مختلف انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں کل 1166 طلبا کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان گذشتہ شب سینئر صحافی میاں محمد اصغر بھٹی کی رہائش گاہ پرگئے جہاں انہوں نے ان کی خالہ اور پھوپھو زاد بھائی میاں محمد عباس بھٹی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ ایم این اے و صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ پنجاب ثمینہ خالد گھرکی بھی موجود تھیں۔
اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی مفاد سب سے مقدم ہے، سب کو ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت حصہ شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی گورنر ہائوس رسائی کو آسان بنا دیا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک دوسرے کا احساس معاشرے کو خوبصورت بنا سکتا ہے، یہی اسلامی تعلیمات ہیں۔انہوں نے کہاکہ غریب اور سفید پوش افراد کی بیٹیوں کی شادی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب ، سفید پوش انسان بیٹی کی شادی کیلئے گورنر ہائوس درخواست دے سکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کل فتح جنگ ضلع اٹک میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہونے جارہی ہیں جس میں خصوصی طور پر شرکت کرونگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button