پاکستانتازہ ترین

25 اپریل سے عوام سے رابطے کی نئی تحریک شروع کریں گے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور، گوجرانوالہ (زبیر اسلم خان) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ 25 اپریل سے عوام سے رابطے کی نئی تحریک شروع کی جائے گی۔

عوامی کمیٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست میں جدوجہد کرتی ہے لیکن جھوٹ، دھوکہ اور گالی کی سیاست سے گریز کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست عبادت کے اصولوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر حال میں دین کی بات کرے گی چاہے پوری دنیا مخالفت کرے۔ انہوں نے ایران کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں کے سامنے کھڑا ہونا جرات مندانہ عمل ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے امریکہ کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جمہوریت دراصل “پیسے والی کمپنیوں کی حکومت” بن چکی ہے اور اسلحہ ساز کمپنیاں جنگی صورتحال سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ جنگ بندی کے عمل میں کردار ادا کرنے والوں کو سراہا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرے کیونکہ عالمی سطح پر قیمتیں کم ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پر بھاری ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ اشرافیہ مراعات سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب طبقہ مہنگائی کے دباؤ میں پس رہا ہے۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے نظام میں بہتری نہیں آ رہی اور حکومت ان شعبوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی اور کسانوں کو بھی اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام پر عوام کا اعتماد کم ہو رہا ہے اور جماعت اسلامی چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے بجائے عوامی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button