پاکستانتازہ ترین

سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی ریٹائر، کراچی رجسٹری میں الوداعی تقریب کا انعقاد

کراچی (سی این این اردو – ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سپریم کورٹ آف پاکستان کی جج جسٹس مسرت ہلالی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی اعلیٰ عدلیہ اور وکلاء برادری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق تقریب میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی، سپریم کورٹ کے معزز ججز، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ کے ججز، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سینئر وکلاء اور بینچ و بار کے ارکان شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سندھ کی ثقافتی روایت کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور دیگر معزز ججز کو اجرک پیش کی گئی، جبکہ جسٹس مسرت ہلالی کے اعزاز میں نیک تمناؤں اور تحائف کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں جسٹس مسرت ہلالی کی عدالتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پورے عدالتی کیریئر میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی شفاف اور مؤثر فراہمی اور عدلیہ کے وقار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ جسٹس مسرت ہلالی کی پیشہ ورانہ دیانت، غیر جانبداری اور انصاف پسندانہ فیصلے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے اور ان کی خدمات پاکستانی عدالتی تاریخ کا اہم حصہ رہیں گی۔

تقریب کے اختتام پر بینچ اور بار کے ارکان نے جسٹس مسرت ہلالی کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی اور عدالتی خدمات کو سراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button