پاکستانتازہ ترین

نجکاری پروگرام میں تیزی، وزیراعظم شہباز شریف کا تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ، معاشی استحکام اور نجکاری پروگرام پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو فروغ دینے اور متبادل مالیاتی ذرائع کو وسعت دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے لیے جامع لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر پیداواری شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جنہیں مؤثر سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی کا محور بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں صنعت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

نجکاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ

بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزارت نجکاری نے مختلف اداروں کی نجکاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے عمل میں شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پی آئی اے کے انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل کی گئی۔

وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ان کمپنیوں کے لیے اظہار دلچسپی طلب کیا جا چکا ہے اور سرمایہ کاروں سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخیں مقرر کر دی گئی ہیں۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ان تقسیم کار کمپنیوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے مختلف ممالک میں روڈ شوز بھی جاری ہیں۔

زرعی ترقیاتی بینک کے بنیادی کردار کے تحفظ پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری ایسے انداز میں کی جائے کہ اس کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار ہر صورت برقرار رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی سہولیات کی فراہمی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافے اور غذائی تحفظ کے لیے کسانوں کو آسان مالی وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔

ہوائی اڈوں کی نجکاری پر بھی پیش رفت

اجلاس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری کے حوالے سے بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری پروگرام کے تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق تمام مراحل مکمل کیے جائیں تاکہ اصلاحاتی عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

آزاد کشمیر انتخابات پر ردعمل

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر پارٹی قائد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ جمہوری عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے۔

بہاولپور میں اظہار تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف بہاولپور میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی ملک منیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

یومِ شہدائے پولیس پر خراج عقیدت

یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں نے ملک میں امن و امان، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button