لاہور ( بیور وچیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کراچی میں بوہرہ کمیونٹی کے ہسپتال اور الجامعتہ السیفیہ مرکز کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر پاکستان میں بوہرہ کمیونٹی کے پاکستان میں سرپرست کمیل یونس اور ان کے بیٹے حسین کمیل بھی ہمراہ تھے۔
گورنر نے بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین کو اس سال پنجاب میں محرم منانے کی دعوت دی بھی دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بوہری کمیونٹی کی سماجی خدمات اور ملک کی معاشی ترقی میں حصہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی تربیت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ گورنر نے کہا کہ مذہبی تعلیمی اداروں میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو امن بھائی چارے اور برداشت کا بھی درس دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اور تمام فرقوں کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور مذاہب کی آڑ میں فرقہ وارایت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ گورنر نے الجامعتہ السیفیہ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔
علاوہ ازیں، گورنر نے خیبر میں 22بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے بچے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ قوم وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے عزم میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



