لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امن کیلئے کثیرالجہتی اور سفارتکاری کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارتکاری پر وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی امن کے لئے پاکستانی سفارتکاروں کی محنت اور کردار کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کی بدولت ممکنہ عالمی جنگ رکوا کر کروڑوں انسانی زندگیوں کو بچایا گیا ہے۔ پاکستان نے حالیہ حالات میں سفارتکاری کے ذریعے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ معاملات اور تنازعات کا حل سفارتکاری ہے، پاکستان کا یہ موقف پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ سفارتکاری سے ہی پوری دنیا میں امن، تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل بھی مثبت سفارتکاری کے ذریعے ممکن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سفارتکاری کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، غربت اور تنازعات کے حل کے لیے اجتماعی کوشش عملی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارتکاری نے پاکستان کو ایک ذمہ دار عالمی ریاست کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سفارتکاری تنازعات کو حل کرنے اور اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا نام ہے۔
سفارتکاری، مکالمے، افہام و تفہیم سے پیچیدہ مسائل کا حل بھی ممکن ہوسکتا ہے۔ مزید برآں مریم نواز نے خیبر میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خیبر آپریشن میں 22دہشتگرد ہلاک ہونے پر اظہار تشکر کیا اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 10سالہ بچے کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔



