ملازمین کی اے آئی مانیٹرنگ،عوام کو سہولتیں دہلیز پر فراہم کریں گے: مریم نواز
وزیراعلیٰ کا مولانا ادریس ترنگزئی کی شہادت،چین میں دھماکہ سے اموات پر اظہار افسوس،سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا

لاہور:(سلمان حسین)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہرعوامی پراجیکٹ میرے دل کے بے حد قریب ہے، عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ستھرا پنجاب پروگرام اپنی نوعیت کا دنیا کاسب سے بڑا منظم ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بن چکا ہے۔
علاوہ ازیں ستھرا پنجاب کی 40 ہزار گاڑیاں اور 1 لاکھ 76 ہزار ورکرزکی اے آئی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس بتایا گیا کہ عیدالاضحی کے موقع پرسمارٹ صفائی کا آغاز کیا جائے گا۔اس موقع پر غفلت برتنے والوں کو آن سپاٹ جرمانہ،اے آئی کیمروں سے لیس بائیکس فیلڈ اورگھوسٹ ملازمین کو فارغ کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں کوڑے کی نشاندہی کے لئے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس بائیکس متعارف کرائی جائیں گی۔ اے آئی سے لیس ستھرا پنجاب کی موٹر بائیکس میں اے آئی بیسڈ خود کار کیمرے سے کوڑے کی نشاندہی کر لی جائیگی۔ اے آئی سے لیس ستھرا پنجاب کی موٹر بائیک لائیو امیج کیپچرنگ اور رئیل ٹائم فیلڈ وزیبیلٹی دیکھا سکے گی۔ مسلسل مانیٹرنگ کے لئے اے آئی کو ستھرا پنجاب کی موٹر بائیکس پر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نے عید الاضحی سے پہلے ہی ستھرا پنجاب کو الرٹ کال دے دی۔پنجاب بھر میں آلائشیں اٹھانے کے لئے بیگز فراہم کیے جائیں گے۔ ویراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں عید الاضحی کے موقع پر ویسٹ کولیکشن سینٹر کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ ویسٹ کولیکشن سینٹر کے علاوہ کسی بھی جگہ پر آلائشیں یا کوڑا کرکٹ پھینکنے پر آن سپاٹ جرمانہ ہوگا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب میں ڈیجیٹل میپنگ اور بیٹ سسٹم لانچ متعارف کرایا جارہا ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام میں پہلی بار اے ائی بیسڈ کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا جائے گا۔ ستھرا پنجاب کے 70 فیصد ملازمین کی فیزیکل ویری فیکیشن مکمل کر لی گئی جبکہ اگلے ہفتے تک 100 فیصد مکمل کر لی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں ستھرا پنجاب کے اہلکاروں و افسران کی اے آئی کی مدد سے فیلڈ مانیٹرنگ کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ستھراپنجاب سے متعلق طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سسٹم ایمپرومنٹس، اے آئی بیسڈ آپریشنز،مالی معاملات اور ویسٹ ٹو ویلیو پر رپورٹس پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے گھوسٹ ملازمین،غیر حاضر اور حاضری لگا کر رفوچکر ہونے والے ستھرا پنجاب کے ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دن کے 24 گھنٹے متحرک رکھنے کے لئے ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139 سنٹرلائزڈ کر دی گئی۔
ڈیپ کلینگ سے 10365 پوائنٹس کلیئرکیے گئے۔ ستھرا پنجاب کے ملازمین کیلئے مزید 2029 حاضری پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب اہلکاروں کے لئے حاضری کے لئے نئی ایپ تیارکر لی گئی۔فیلڈ مانیٹرنگ افسران ہر یونین کونسل میں موبائل ایپ کی ذریعے فیزیکل ویری فیکشن پر مامورکر دیئے گئے۔ ستھرا پنجاب کو مزید موثر بنانے کے لئے منیجنگ ڈائرکٹرز کی روزانہ کی میٹنگ لازم قرار دی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حاضری لگا کر غائب ہونے والوں کی تنخواہ میں سے کٹوتی ہوگی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کے اہلکاروں کے لیے یونیفارم اور گاڑیوں کی صفائی لازم قرار دے دی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب کے ڈیلی فیلڈ وزٹ اور سرپرائز وزٹ سے حاضری چیک کی جاتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی اور منصوبہ نہیں۔صفائی نصف ایمان ہے صرف ایک جملہ نہیں، بلکہ ہماری اجتماعی سوچ کا عکاس ہونا چاہیے۔اگر کوئی گھر گندا ہو تو مکینوں کی عدم دلچسپی کا اندازہ ہو جاتا ہے۔
ایک صاف ستھرا صوبہ اپنے شہریوں کی شعوری سطح اور ذمہ داری کا پتہ دیتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب محض صفائی کا منصوبہ نہیں یہ ایک سماجی تبدیلی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہر گاؤں میں وہی معیار ہونا چاہیے جو شہر میں ہے۔کل سے پورے پنجاب میں ستھرا پنجاب کی واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے یہ صرف ہدف نہیں بلکہ ہمارا عزم ہے۔ستھرا پنجاب سے شعور دینا چاہتے ہیں کہ صفائی صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ستھرا پنجاب منصوبہ دراصل گورننس کا انسانی چہرہ ہے جو ہر گھر، ہر گلی، ہر محلے اور ہر شہری تک پہنچ چکا ہے۔آپ جہاں جہاں صفائی کریں گے، وہاں آپ کی اور حکومت کی ساکھ بہتر ہوگی۔جب ہمارے پاس اتنے وسائل، افرادی قوت اور ٹیکنالوجی موجود ہیں تو 100 فیصد نتائج نہ دینا ناقابلِ قبول ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم جاپان اور سنگاپور جیسے ممالک کو دیکھتے ہیں جہاں صفائی 24/7 برقرار رہتی ہے۔دفتر میں بیٹھ کر سب کچھ ٹھیک لگتا ہے ستھرا پنجاب کوئی ڈیسک جاب نہیں، یہ مکمل طور پر فیلڈ ورک ہے۔100 گھنٹے دفتر میں گزارنے سے بہتر ہے کہ ایک گھنٹہ فیلڈ میں گزارا جائے۔آپ جتنا زیادہ سڑکوں پر ہوں گے،اتنی ہی بہتر نگرانی اور کارکردگی ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی ڈرو نز، سیف سٹیز سب اپنی جگہ اہم ہیں،لیکن فزیکل وزٹ لازمی ہے۔صفائی کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔
جو لوگ آپ کا گند صاف کرتے ہیں، انہیں عزت دیں، ان کا احترام کریں۔مزدور کی تنخواہ وقت پر ادا ہونی چاہیے کیونکہ مزدور کی اجرت اس کے پسینے کے خشک ہونے سے پہلے ادا ہونی چاہیے۔ستھرا پنجاب والوں کا یونیفارم صاف اور معیاری ہونی چاہیے، گاڑیاں اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس بھی صاف اور منظم ہونے چاہئیں۔میں واضح کر دینا چاہتی ہوں ستھرا پنجاب منصوبے میں کرپشن یا سیاسی سفارش کی کوئی گنجائش نہیں۔ستھرا پنجاب میں کوئی غیر دستاویزی کام برداشت نہیں ہوگا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ملاقات میں عوامی امور، ترقیاتی پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمداحمد خان نے ریکارڈ ترقیاتی پراجیکٹس شروع کرنے پروزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا،فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں کو سراہا۔
سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”اپنا کھیت اپنا روزگارسکیم“ سے ہزاروں نوجوانوں رزق کما سکیں گے۔ عوامی مسائل ہمیشہ مسلم لیگ (ن) ہی حل کرتی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین میں آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری میں دھماکا سے 21 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چارسدہ میں حملے کے دوران جے یو آئی کے سابق ایم پی اے اور ممتاز عالم دین مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔



