جاپانی ثقافت کے عکاس کیلنڈرزکی 3روزہ نمائش

لاہور،کوئٹہ( محمد قیصر چوہان،ویب ڈیسک ) جاپانی ثقافت و تہذیب کی عکاسی کرنے والے نئے سال کے کیلنڈرزکی تین روزہ نمائش 12 مئی بروز منگل سے شروع ہو گی ۔زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادجن میں سیاستدان ،بیورو کریٹ،بزنس مین ،دانشور ،صحافی ، سول سوسائٹی ، وکالت، صحت ، تعلیم اور سپورٹس کے شعبے سے وابستہ افراد شامل ہیں نمائش دیکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اور جاپان قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے ہر سال کی طرح رواں سال بھی کوئٹہ میں جاپانی کیلنڈروں کی نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے جاپانی کیلنڈروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب 12 مئی بروز منگل شام چار بجے پاک جاپان کلچر سینٹر جناح ٹاؤن میں منعقد ہوگی۔
افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کو جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے صدر سید فیروز عالم شاہ خوش آمدید کہیں گے۔
جاپان کلچر سینٹر میں جاپانی ثقافت و تہذیب پر مبنی نئے سال کے کیلنڈر وں کی نمائش میں جاپان کے مختلف موضوعات پر جاپانی کیلنڈر رکھے جائیں جن میں جاپان کے روایتی موسموں، جاپانی کلچر، لائف اسٹائل، جاپان کے روایتی آرٹ، قدرتی نظاروں، آٹو موبائل، جنگلی حیات، تاریخی ورثہ،جاپانی فوڈ، جاپانی خواتین ، جاپانی کھیل ، صنعت ، تفریحی و تاریخی مقامات، زراعت ، ماحولیات، فائن آرٹ ، جاپانی پھولوں ایکیبانہ کا آرٹ اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں سمیت جاپان کے ہر شعبہ زندگی کی نمائندگی کرتی تصاویروں کے پرنٹ والے کیلنڈرز نمائش کیلئے رکھے جائیں گے ۔
نمائش 12 سے15 مئی تک صبح گیارہ بجے سے دوپہر تین بجے تک جاری رہے گی۔ پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے ڈائریکٹر اسرار احمد عدیل کے مطابق تین روزہ نمائش سے پاکستانی لوگوں کو جاپانی کلچر سے واقفیت حاصل ہوگی جبکہ پاکستان اور جاپان کے ثقافتی رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔



