پاکستانتازہ ترین

دہشتگردی کیخلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر

50ستارہ امتیاز (ملٹری )، 12تمغہ بسالت عطا: بعد از شہادت تمغے شہدا کے اہلخانہ نے وصول کئے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( ویب ڈیسک) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی ایک پروقار تقریب تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور شہدا کے اہلخانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور ملک کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
اس پروقار تقریب میں 50ستارہ امتیاز ( ملٹری ) اور 12تمغہ بسالت عطا کئے گئے، بعد از شہادت دئیے جانے والے تمغے شہدا کے اہلخانہ نے بڑے وقار اور عزت کے ساتھ وصول کئے۔
شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے، ہمارے وطن کا امن اور سلامتی انہی کی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا نتیجہ ہے۔
فیلڈ مارشل نے شہدا کے اہلخانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن سے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملی تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی، اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول تک دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button