پاکستانتازہ ترینکاروبار

آئندہ مالی سال 20 ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ترجیح ہے: مریم نواز

پنجاب میں زرعی میکانائزیشن کا نیا دور، ٹریکٹرز، ہارویسٹرز اور سپرسیڈر سکیموں میں توسیع

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آئندہ مالی سال میں کاشتکاروں کو 20 ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب میں زرعی میکانائزیشن کے منصوبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت گرین ٹریکٹرز، ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرز اور سپرسیڈر مشینوں کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں کسان مستفید

حکومتی اقدامات کے تحت 9,500 ہائی پاور گرین ٹریکٹرز پر 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی گئی جبکہ 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز پر 5 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گرین ٹریکٹر سکیم کے نئے مرحلے میں سبسڈی میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نئے فیز میں ہائی ہارس پاور ٹریکٹرز پر 15 لاکھ روپے جبکہ 50 سے 65 ہارس پاور کے ٹریکٹرز پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔

ہائی ٹیک زرعی مشینری کیلئے بلاسود قرضوں کی سہولت

پنجاب میں پہلی مرتبہ 12 اقسام کی جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضوں کی سکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

اس پروگرام کے تحت تقریباً 200 ہائی ٹیک کمبائنڈ ہارویسٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ گندم کی کٹائی کے لیے پہلی بار 50 جدید کمبائنڈ ہارویسٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔

سپرسیڈر سکیم سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی

چاول کی باقیات جلانے کے رجحان کو کم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت نے سپرسیڈر سکیم متعارف کرائی، جس کے تحت 5 ہزار سپرسیڈر مشینیں چاول کے کاشتکاروں کو فراہم کی گئیں۔

حکام کے مطابق سپرسیڈر کے استعمال سے 14 لاکھ ایکڑ رقبے پر چاول کی کاشت مکمل کی گئی، جبکہ سکیم کے دوسرے مرحلے میں مزید 5 ہزار سپرسیڈر فراہم کیے جا رہے ہیں۔

زرعی پیداوار اور کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہدف

مریم نواز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدید مشینری کا استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ایگریکلچر میکانائزیشن سے نہ صرف کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہوگی بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کے لیے جدید زرعی مشینری کرائے پر حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو جدت، ٹیکنالوجی اور جدید زرعی طریقوں کی طرف لے جانا ان کا مشن ہے اور حکومت زرعی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button