پاکستانتازہ ترین

پٹرول کی قیمت 3سال کیلئے لاک، لیوی ختم ورنہ احتجاج کی کال دینگے :حافظ نعیم الرحمان

لاہور ( زبیر اسلم ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ لیوی کو فوری ختم کیا جائے ورنہ ہم عوام کو احتجاج کی کال دیں گے، پٹرول کی قیمت کو تین سال کیلئے لاک کیا جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے حکومت ہر جمعہ کو ایک بجٹ کا اعلان کر دیتی ہے، یہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کیلئے تیار نہیں، تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دے رہا ہے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس میں کمی کی جائے، ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ والے شخص کو ٹیکس فری کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں کے لیے ظلم ہے، حکومت اپنی نالائقی اور کرپشن چھپانے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے سہارے ٹیکس وصول کر رہی ہے۔
پٹرولیم لیوی لگانا کسی ظلم سے کم نہیں، عوام سے آج بھی 105روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پٹرولیم لیوی کی مد میں 8ہزار 66ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں اور یہ لیوی عوام پر ایک اضافی بوجھ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہڑتال کی کال دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہیہ جام ہڑتال کے حوالے سے مختلف حلقوں سے مشاورت جاری ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں کوئی تقابل نہیں، تقابل وسائل کے مطابق ہی ہوتا ہے۔
اگر پیپلز پارٹی نے کرپشن کی ہے تو ن لیگ بھی کم نہیں، 28ویں ترمیم کی بجائے مقامی حکومتوں کو مضبوط کیا جائے، 28ویں ترمیم ابھی تک سامنے نہیں آئی مگر حکمران اتحاد ہر ترمیم کیلئے تیار ہے، زرداری صاحب نے کہہ دیا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، عوام کی طبی سہولتیں بھی چھین لی گئی ہیں۔
حکومت لوگوں کو آپس میں لڑانے کے بجائے مقامی حکومتیں بنائے اور بااختیار شہری حکومت بنانے کی طرف آئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت ختم کرنے کے لئے کیا گیا تھا مگر حکومت کی اپنی رپورٹ ہے کہ غربت میں مجموعی 30فیصد جبکہ پنجاب میں 45فیصد اضافہ ہوا، بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے مقامی بااثر افراد کمیشن لیتے ہیں، یہ کرپشن کا ذریعہ ہے۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت تین صوبوں اور مرکز میں حکومتی اتحاد برسراقتدار ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی مختلف سیاسی بیانیے زیر بحث ہیں۔ علاقائی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے جاری ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل آج بھی معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہا ہے، اس کے باوجود ہمارے وزیر اعظم نے ٹرمپ کو امن کا داعی قرار دے دیا، ٹرمپ کی حمایت سے ہی اسرائیل غزہ پر حملے کر رہا ہے، ہمیں پیس بورڈ سے نکل جانا چاہئے، پوری دنیا کو صیہونی امریکہ کی مدد سے چلا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ قریبا 46دن ہوگئے پاکستان کے شہری صومالیہ میں یرغمال ہیں، کوئی ان کو بازیاب کرانے کی کوشش نہیں کر رہا، ان یرغمالیوں کو زنگ آلود پانی پلایا جارہا ہے، پاکستانی حکومت سے درخواست ہے کہ ان کی رہائی کی کوشش کریں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button