
شکر الحمدللہ سوئٹزرلینڈ میں کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں دنیا کو سکھ کا سانس لینا نصیب ہو رہا ہے پچھلے پانچ ماہ کی افراتفری کے بعد دنیا سکون کی طرف جا رہی ہے ایران اسرائیل امریکہ لبنان فلسطین جنگ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا بےشمار ملک جن کا اس جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں تھا انھوں نے بھی اس جنگ کے اثرات کو بھگتا آدھی سے زائد دنیا کی معیشتیں ڈسٹرب رہیں تجارت اور توانائی پر اثرات نے ایک قسم کا بحران پیدا کیے رکھا مڈل ایسٹ کی اکانومی تو برباد ہو کر رہ گئی ہوا بازی کی صنعت کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا سیاحت اور ہوٹلنگ انڈسٹری بھی زمین بوس ہو گئی مڈل ایسٹ سے سرمایہ کار بھاگنے لگے اب جبکہ امن کی ایک امید پیدا ہوئی ہے تو دنیا نے سکھ کا سانس لیا ہے اور دنیا کو امن کی طرف لانے میں پاکستان کا بنیادی کردار ہے ۔

یقینی طور پر پاکستان نے بڑی محنت کی ہے پاکستان میرٹ پر نوبل امن ایوارڈ کا حق دار ہے اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ اپنے آپ کو امن نوبل پرائز کے لیے پیش کرتا رہا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس نے پاکستان انڈیا سمیت سات جنگیں رکوائی ہیں لہٰذا اسے نوبل پرائز ملنا چاہیے اور پاکستان اس کی تائید میں بہت آگے آگے تھا وہ ٹرمپ کو نوبل انعام دلوانے کے لیے ایک قسم کی لابنگ بھی کر رہا تھا لیکن نوبل امن پرائز کی سلیکشن کمیٹی نے فیصلہ میرٹ پر کرتے ہوئے ٹرمپ کو انعام نہ دیا اور ان کا فیصلہ دور اندیشی پر منحصر تھا ورنہ بعد کے حالات نوبل انعام کی ساکھ کا بیڑہ غرق کر دیتے ۔

شکر ہے نوبل انعام کی ساکھ بچ گئی ورنہ جو حال آج کل پاکستان میں تمغہ امتیاز کا ہو رہا ہے کسی منچلے کی پوسٹ ہے، تمغہ امتیاز۔امتیاز جنرل سٹور پر بھی دستیاب ہے،کسی میڈل کی توقیر اس کے حق دار تک پہنچنے سے ہی ہوتی ہے ورنہ جو حال آج کل پاکستان میں اعزازات کا ہو رہا ہے اگر ٹرمپ کو نوبل انعام مل جاتا تو یہی حال نوبل انعام کا ہونا تھاجس طرح ٹرمپ کی آشیرباد سے غزہ پر ظلم ڈھائے گئے جس طرح وینزویلا کے صدر کو اس کی اہلیہ سمیت اغوا کیا گیا ایران پر حملے کیے گئے اور دنیا میں افراتفری پیدا کی گئی اس نے ثابت کیا کہ نوبل امن ایوارڈ کمیٹی کا فیصلہ درست تھا بہرحال اب جب ایران اور امریکہ کے درمیان صلح ہو گئی ہے اور چالیس سالہ ایران امریکہ چپقلش کا خاتمہ ہو رہا ہے تو اس میں پاکستان کا کردار پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے ۔

پاکستان نوبل امن انعام کا میرٹ پر حق دار ہے اب ٹرمپ کا فرض بنتا ہے کہ وہ نوبل پرائز کے لیے پاکستان کی لابنگ کرے پاکستان نے ہمیشہ امن کی کوششوں کو سراہا ہے دنیا بھر میں امن کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں سب سے زیادہ امن مشن میں پاکستان نے شرکت کی ہے امن کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان کی ہیں نائن الیون کے بعد دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان نے لڑی ہے دنیا کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے میں پاکستان کا کردار ہے ۔
آج بھی پاکستان دہشتگردوں کی عالمی تنظیموں کو ڈکا لگائے ہوئے ہے پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے لیکن ہم دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے عالمی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان کے امن کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کا بہترین طریقہ نوبل امن ایوارڈ ہے جس کا پاکستان میرٹ پر حق دار بنتا ہے بہرحال یہ تو وقت بتائے گا کہ نوبل امن انعام کے لیے کمیٹی کیا معیار مقرر کرتی ہے بہرحال پاکستان کی تمام تر کاوشیں نوبل امن ایوارڈ کے حصول کے لیے نہیں تھیں بلکہ پاکستان کی خواہش دنیا میں پائیدار امن کے لیے ہیں جس میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔

اگر مڈل ایسٹ میں پائیدار امن قائم ہوتا ہے تو ترقی کی نئی راہیں کھلیں گئیں سوئٹزرلینڈ میں ابتدائی معاملات تو طے ہو چکے جہاں پاکستان کے کردار کی خوب پذیرائی ہوئی پاکستان نے سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ امن میلہ لوٹ لیا ہے ہر طرف پاکستان پاکستان ہو رہی تھی پاکستان نے یقینی طور پر دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچایا ہے ابتدائی طور پر معاملات طے پا چکے ہیں اب تشکیل کردہ کمیٹیاں 60 روز کے اندر باقی ماندہ معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات کریں گی اللہ کرے کہ اس دوران کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اسرائیل بھی ہوش کے ناخن لے اور شرارتوں سے باز رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متنازعہ بیان بازی سے باز رہیں کیونکہ ان کے بیان خدشات کو ہوا دے رہے ہیں ایران نے ان کے بیان پر احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے مذاکرات میں حصہ لیا ہے فریقین کو سوچ سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ تاحال یہ امن معاہدہ پل صراط پر چلنے کے مترادف ہے ۔

کسی بھی فریق کی ذرا سی لاپرواہی بنی بنائی گیم کو خراب کر سکتی ہے اس لیے تمام فریقین کو پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہے پاکستان کو اپنی محنت کے ثمرات سمیٹنے کی حکمت عملی اپنانی چاہیے ابھی وقت ہے حاصل حصول کا ورنہ کون کسی کو یاد کرتا ہے کام نکلنے کے بعد ،بعد میں تو رات گئی بات گئی والا معاملہ ہوتا ہے۔



