پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

لاہور میں نجی سکول کی چھت گر گئی، ایک بچہ جاں بحق، 5 افراد زخمی، سمر کیمپ پر بڑا ایکشن

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک نجی سکول کی عمارت کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ ایک بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے 10 بچوں کو بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کی دوسری منزل کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ابوبکر نامی بچہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ایک بچہ مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا، جبکہ چار زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں کے سروں پر گہری چوٹیں آئیں، تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

دوسری جانب سات سالہ زخمی بچے شایان کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔

پابندی کے باوجود سمر کیمپ جاری تھا

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کے وقت پنجاب حکومت کی پابندی کے باوجود سکول میں غیرقانونی طور پر سمر کیمپ جاری تھا اور بچے کلاس میں موجود تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دو منزلہ عمارت کی دوسری منزل کا کچا لینٹر اچانک زور دار دھماکے سے نیچے آ گرا، جس سے کلاس روم میں موجود بچے اور عملہ ملبے تلے دب گئے۔

سکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ، متعدد افراد حراست میں

واقعے کے بعد پولیس نے سکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ سکول کی 6 خواتین ٹیچرز اور ایک چوکیدار کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق زیر حراست تمام اساتذہ حادثے کے وقت سکول میں موجود تھیں، جبکہ چوکیدار کی شناخت سلیم عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکول کی پرنسپل اور مالکن حادثے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھیں، جبکہ ادارے کے انتظامی امور مالکن کی بہن چلا رہی تھیں۔

5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا

سی ای او ایجوکیشن لاہور کے مطابق سکول انتظامیہ اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کر کے پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر کے سکولوں میں جاری سمر کیمپس کی جانچ کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور پابندی کے باوجود سمر کیمپ چلانے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر معطل

غیرقانونی سمر کیمپس کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر متعلقہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق متاثرہ سکول رجسٹرڈ نہیں تھا اور غیرقانونی طور پر سمر کیمپ چلا رہا تھا۔

وزیر تعلیم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور صوبے بھر میں سکولوں کی عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button