لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب نے پیپر لیس اور آٹومیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ صوبائی حکومت نے مختلف سرکاری خدمات، خریداری، ادائیگیوں، نیلامی، انسانی وسائل اور ڈیٹا مینجمنٹ سمیت متعدد شعبوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کردیا ہے۔
مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) فیصل یوسف نے صوبے میں ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
پنجاب میں متعدد سرکاری نظام ڈیجیٹل ہوگئے
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ای فائلنگ، ای پروکیورمنٹ، ای پے، ای آکشن، ون میپ، ایچ آر ایم آئی ایس اور ڈیٹا ویئر ہاؤس قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکریٹری زاہد زمان اختر، سیکریٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور چیئرمین PITB فیصل یوسف کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے PITB کو پیپر لیس آٹومیشن سافٹ ویئر درآمد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ درخواست دہندگان سے مسلسل فیڈ بیک لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
6 ہزار سے زائد سسٹم مرکزی نظام سے منسلک
بریفنگ کے مطابق پنجاب بھر میں 6 ہزار سے زائد سسٹم PITB کے مرکزی نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔
ای فوس کے ذریعے صوبے بھر کی 600 تنظیمیں اور ادارے ڈیجیٹل طور پر منسلک کیے جاچکے ہیں۔ ای فائلنگ سسٹم کے ذریعے 176,173 سمری نوٹس جاری کیے گئے، جس کے نتیجے میں 9.1 ملین روپے کی بچت ہوئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سمارٹ مانیٹرنگ آف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں شفافیت کا نیا معیار قائم ہوا ہے۔
ای پروکیورمنٹ سے 6 کھرب روپے کی ڈیجیٹل خریداری
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم سے صوبے بھر میں 25 ہزار سے زائد سپلائرز منسلک ہوچکے ہیں، جبکہ اس نظام کے ذریعے 6 کھرب روپے کی ڈیجیٹل خریداری اور 1.29 ملین ٹینڈرز جاری کیے گئے۔
ای پروکیورمنٹ کے ذریعے کسی بھی دفتر میں آئے بغیر اینڈ ٹو اینڈ ٹینڈرنگ کا شفاف نظام رائج کیا گیا، جس سے 1.3 ملین روپے کی بچت ہوئی۔
ٹرانزیکشنز کے ذریعے 1,137 ملین روپے کی ریونیو کلیکشن بھی کی گئی۔
ای آکشن سے 527 ارب روپے کی ریونیو جنریشن
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای آکشن سسٹم پر 3,784 بڈرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ مختصر مدت کے دوران اس نظام کے ذریعے 527 ارب روپے کی ریونیو جنریشن ہوئی۔
پنجاب گورنمنٹ ڈیٹا ویئر ہاؤس کے ذریعے 100 فیصد اوپن سورس ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں زیرو لائسنسنگ فیس کے باعث اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔
’مریم کی دستک‘ کے ذریعے 110 سروسز دستیاب
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’مریم کی دستک‘ پروگرام کے ذریعے شہریوں کو 110 سروسز فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ ای بزنس کے ذریعے 434 کاروباری سروسز دستیاب ہیں۔
’ای بز‘ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت دستاویزات کی جانچ پڑتال کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا جارہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ’ای بز‘ کے تحت 130,941 درخواست دہندگان نے درخواستیں دیں، جن میں سے 110,170 افراد کو مطلوبہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔
پٹرول پمپ اور فلور ملز کے این او سی کا طریقہ کار چیک
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’ای بز‘ کے تحت پٹرول پمپ اور فلور ملز کے لیے این او سی کے اجرا کا طریقہ کار بھی چیک کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے اینڈ ٹو اینڈ آٹومیشن اور پیپر لیس نظام مؤثر ثابت ہوگا۔ حکومت چاہتی ہے کہ عوام کو معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل آٹومیشن سسٹم کے ذریعے شناخت ظاہر کیے بغیر خدمات کی فراہمی سے کرپٹ عناصر کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔
ہر شعبے کو ڈیجیٹلائزیشن کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے ہر سیکٹر، ہر محکمہ اور ہر ادارے کو ڈیجیٹلائزیشن کی راہ پر گامزن کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے لیے پوری ٹیم ایک یونٹ بن کر کام کر رہی ہے۔ آٹومیشن سروسز سسٹم کے ذریعے شہریوں کو براہ راست کسی سرکاری اہلکار سے رابطے کی ضرورت نہیں رہتی، جس سے شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر سے اظہار تعزیت
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔



