لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال ہونا چاہیے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کا حق ان کی دہلیز تک پہنچائے۔ پنجاب میں روایتی نظام کو ختم کرکے ڈیجیٹل گورننس کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر کامیاب منصوبے کے پیچھے پی آئی ٹی بی کی تکنیکی معاونت شامل ہے۔ پی آئی ٹی بی پنجاب کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، چیئرمین فیصل یوسف اور ان کی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بہت پہلے ڈیجیٹل انقلاب کے مستقبل کو سمجھ لیا تھا اور پی آئی ٹی بی کا ڈھانچہ تشکیل دیا۔ آج ٹیکنالوجی کا دور ہے اور دنیا میں مصنوعی ذہانت کے بغیر کچھ ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ روایتی اور فرسودہ طریقوں سے چلتے رہے تو ناکامی یقینی ہے، ہر معاملے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے قیادت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومتی نظام آٹومیشن کی طرف منتقل ہورہا ہے، ای گورننس، ای بز، مریم کی دستک اور دیگر منصوبے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کا حصہ ہیں۔ اب پنجاب میں روایتی فائلنگ سسٹم کے بجائے ہر فائل ڈیجیٹل نظام کے تحت چل رہی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ رحیم یار خان یا کسی دوسرے دور دراز علاقے سے فائل جمع کرانے کے لیے لاہور آنے کی ضرورت نہیں، تمام کام ای فائلنگ کے ذریعے ہورہا ہے۔ ای فائلنگ کے استعمال سے ماہانہ 6 ارب روپے کی بچت ہورہی ہے، جبکہ ہر محکمہ، ضلع اور ڈویژن ڈیجیٹل ایکو سسٹم پر منتقل ہوچکا ہے۔
ڈیجیٹل نظام سے شفافیت اور میرٹ یقینی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی وجہ سے پوری حکومت ایک یونٹ کی طرح کام کررہی ہے۔ سیلاب اور اربن فلڈنگ کے دوران ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے اداروں کے درمیان مثالی رابطہ کاری ممکن ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دفتر میں قائم ڈیش بورڈ سے پورے پنجاب کے محکموں کی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے، جبکہ آئی پیڈ اور موبائل فون کے ذریعے پنجاب بھر سے رابطہ ممکن ہے۔ پی آئی ٹی بی کی وجہ سے پنجاب کے سروسز کلچر میں بنیادی تبدیلی آئی ہے اور ڈیجیٹل نظام کے باعث کارکردگی، میرٹ اور شفافیت یقینی بن رہی ہے۔
’’مستند ڈیٹا کے بغیر منصوبے ناکام ہوجاتے ہیں‘‘
مریم نواز نے کہا کہ جب انہوں نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھایا تو بتایا گیا کہ پنجاب کی آبادی 12 کروڑ ہے، لیکن مستند ڈیٹا موجود نہیں تھا۔ آبادی کبھی ساکت نہیں رہتی بلکہ مسلسل بڑھتی ہے، اس لیے درست اعداد و شمار کے بغیر منصوبے ناکام ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کی کوشش کے بعد پی ایس ای آر کا ڈیٹا تیار ہوچکا ہے۔ پنجاب میں 26 ملین گھر رجسٹرڈ ہیں اور پنجاب کے اپنے شہریوں سمیت دیگر صوبوں سے آنے والے افراد کا ڈیٹا بھی موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستند ڈیٹا نہ ہونے کے باعث ماضی میں امداد کے مستحق اور غیر مستحق افراد میں فرق نہیں کیا جاسکا، تاہم درست ڈیٹا حاصل ہونے کے بعد 10 لاکھ مستحق افراد کو تلاش کرکے ان کی دہلیز پر 10،10 ہزار روپے تک پہنچائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی غریب کا حق کسی غیر مستحق یا امیر شخص تک نہیں پہنچنا چاہیے۔ غریب تک اس کا حق پہنچانا احسان نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کاروباری افراد کے لیے ای بز نظام
مریم نواز نے کہا کہ ای بز منصوبے کے ذریعے کاروباری افراد کے دیرینہ مسائل حل کیے جارہے ہیں۔ کاروباری افراد معیشت کا انجن ہیں، اس لیے ان کی سہولت حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کو کئی کئی ماہ این او سی نہیں ملتا تھا یا صرف منظور نظر افراد کو سہولت دی جاتی تھی، اب ای بز کے ذریعے این او سی 15 دن میں جاری کیا جاتا ہے۔ اگر مقررہ مدت میں این او سی جاری نہ ہو تو نظام خود حرکت میں آتا ہے اور رپورٹ وزیراعلیٰ تک پہنچتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن سے عوام کو بچانا حکومت اور نظام کی ذمہ داری ہے۔ ای بز پر درخواست دینے والے شہری کا فون نمبر اور شناخت ظاہر نہیں ہوتی تاکہ کرپٹ عناصر انہیں تنگ نہ کرسکیں۔
’’تین ماہ میں ایسا نظام لائیں گے کہ دفاتر نہیں جانا پڑے گا‘‘
مریم نواز نے کہا کہ ان شاء اللہ تین ماہ میں ایسا نظام متعارف کرائیں گے جس کے بعد شہریوں کو اپنے کام کے لیے سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف کو نیا نظام تشکیل دینے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اب میرج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ سمیت مختلف سہولیات گھر بیٹھے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق مریم کی دستک پروگرام کے تحت اب تک 40 لاکھ افراد کو سروسز فراہم کی جاچکی ہیں جبکہ روزانہ تقریباً 3 ہزار درخواستیں پراسیس ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم کی دستک کے ذریعے راشن اور دیگر ضروری اشیا بھی 48 گھنٹے میں گھر پہنچانے کا نظام بنایا جارہا ہے۔
کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان
مریم نواز نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتیں کہ سب کچھ ٹھیک ہے، تاہم کرپشن کے خلاف جلد کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور کرپٹ عناصر کے گریبان تک پہنچیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیر یا اعلیٰ سطح کے کسی افسر پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو اسے نہیں چھوڑیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کا نظام اب عوام کی دہلیز تک پہنچ رہا ہے۔ حضرت عمر فاروقؓ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت مند کے گھر راشن پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام، شہروں میں صفائی اور سیوریج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنیوں کے ورکرز کو ادائیگی مکمل کردی گئی ہے۔
مریم نواز نے شہروں اور دیہات میں عملے اور ورکرز کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب کے ایم ڈی، ایف ایم او اور ٹی ایم اوز کے کارکردگی اہداف مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں ناقص کارکردگی پر ایم ڈی کو تین سال تک پوسٹنگ نہیں ملے گی، جبکہ وہ خود ہر شہر میں صفائی کمپنی کی کارکردگی مانیٹر کریں گی۔
انہوں نے ایم ڈی واسا کو روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے، جبکہ ٹی ایم اوز اور ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم پانچ یونین کونسلوں کا دورہ کرکے صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان کی مریم نواز سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سے استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی عون چودھری، گل اصغر خان اور منزہ حسن نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملکی ترقی، استحکام اور سیاسی امور پر مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ارکان قومی اسمبلی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہا اور کھارے پانی والے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت
مریم نواز نے نشان حیدر پانے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی 55ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عظیم قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ پوری قوم راشد منہاس شہید کو عقیدت و احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے، ان کا جذبہ حب الوطنی رہتی دنیا تک قوم کی رہنمائی کرتا رہے گا۔



