حکمران جماعت بی این پی کے رہنما مرزا فخر الاسلام بنگلادیش کے صدر منتخب

ڈھاکہ (ویب ڈیسک) بنگلادیشی ارکان پارلیمنٹ نے حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں صدر کا عہدہ بڑی حد تک رسمی نوعیت کا ہے، تاہم مرزا فخر الاسلام عالمگیر سربراہ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس رہیں گے۔
78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔
یاد رہے کہ 2024ء میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی رواں سال فروری میں دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔
رواں سال 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے، جس کے باعث مرزا فخر الاسلام عالمگیر کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کی راہ ہموار ہوئی۔



