راولپنڈی، اسلام آباد (ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سخت سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر ایک سے سخت سکیورٹی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے لیے روانہ کیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری بھی بانی پی ٹی آئی کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوئی۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کے پیش نظر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپتال کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ عمران خان کا چیک اپ ماہر ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم کرے گی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے کی صورت میں بھی سکیورٹی سمیت دیگر خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے خلاف گزشتہ روز دائر کی گئی نظرثانی درخواست بعض اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بیرون ملک بھیجے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔



