اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام پاکستان (جے یو آئی) اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا، جس کا آغاز پارلیمنٹ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کیا۔ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی کل طلب کیا جائے گا، جبکہ اپوزیشن اتحاد مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت سے متعلق صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن کے ساتھ پہلی نشست ہوئی ہے اور اس میں متحدہ اپوزیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابتدائی نشست تھی، آئندہ مزید مشاورت بھی کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کی ممکنہ شمولیت سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے جبکہ وہ اپوزیشن کی بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے انعقاد پر بھی بات ہونی چاہیے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن حکومت کے خلاف سڑکوں پر بھی ساتھ دے گی یا صرف پارلیمنٹ تک محدود رہے گی؟ اس پر مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا، "ہم سورۃ فاتحہ پڑھتے ہیں اور آپ سورۃ الناس پر پہنچ جاتے ہیں۔”



