پاکستانتازہ ترین

تعلیمی اداروں میں میرٹ، معیار کی بہتری اولین ترجیح ہے: گورنر پنجاب

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کی بالادستی اور تعلیمی معیار میں بہتری اولین ترجیح ہے، جامعات میں منشیات اور ہراسگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس لاہور میں صادق پبلک سکول بہاولپور اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے بورڈ آف گورنرز کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صادق پبلک سکول بہاولپور اور کیڈٹ کالج حسن ابدال جیسے تاریخی تعلیمی ادارے ملک کا قومی اثاثہ ہیں، انہیں مزید ترقی اور بہتری کی جانب لے کر جانا ہوگا۔ دونوں اداروں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں میرٹ کی بالادستی اور تعلیمی معیار کی بہتری ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کی بہترین تعلیم اور تربیت ہماری ذمہ داری ہے۔ آنے والا دور نوجوان نسل کا ہے اور پاکستان کا مستقبل بھی انہی بچوں اور بچیوں سے وابستہ ہے۔

گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات اور ہراسگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں اور ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button