کراچی:(ویب ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کل سے کراچی میں فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم نافذ کرے گا، نئے نظام کے تحت کسٹمز کے نظام اور کام کے کلچر میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔
فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ (ایف سی اے) ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا ایک اہم جزو ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری پہلے ہی دے چکے ہیں۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کراچی کے اپریزمنٹ کلکٹریٹس میں رات 12بجے کے بعد جمع ہونیوالی تمام امپورٹ گڈز ڈیکلریشنز کو ’سنٹرل اپریزنگ یونٹ‘ کے سپرد کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ سینٹرل اپریزنگ یونٹ چند دن پہلے ایف بی آر کی جانب سے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کراچی میں قائم کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ‘ کے نفاذ سے کسٹمز کے نظام اور کام کے کلچر میں نمایاں تبدیلی کی توقع ہے، نئے نظام سے کلیئرنس میں کم وقت لگنے سے تجارت میں سہولت میسر آئے گی، نئے سسٹم سے اسسمنٹس میں بہتری اور شفافیت لائی جا سکے گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد اس سسٹم کو جلد ہی ملک کے دیگر پورٹس اور سرحدی اسٹیشنز پر بھی نافذ کیا جائے گا، نئے نظام کے تحت کسٹمز کے اپریزمنٹ کے کام کو کسٹمز کلکٹریٹس سے باہر منتقل کیا جائے گا۔
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور 55 افسران کو پہلے ہی سینٹرل اپریزنگ یونٹ میں تعینات کیا جا چکا ہے، اس یونٹ میں تعینات کسٹمز اپریزرز کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر مراعات کا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، نظام کے تحت، محنت اور دیانتداری سے کام کرنے والے اپریزنگ افسران کو اضافی مراعات دی جائیں گی ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق نئے سسٹم میں کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کی اہلیت کے معیار اور لائسنسنگ کے نظام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، کلیئرنگ ایجنٹس کے لیے پوائنٹ اسکورنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ وہ درست ڈیکلریشنز جمع کرائیں۔
جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پوائنٹ اسکورنگ سسٹم کے تحت درست ڈیکلریشن جمع کرانے والے کسٹمز ایجنٹس زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکیں گے، جو ایجنٹس اپنی ڈیکلریشنز میں بہتری نہ دکھا سکے ان کے پوائنٹس کم ہو جائیں گے اور ان کا لائسنس منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔



