مہنگائی میں سالانہ بنیادپر13.98فیصد اضافہ،چکن،تیل ،گھی سمیت کئی اشیاپہنچ سےباہر

اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ، سالانہ بنیاد پر 13.98 فیصد تک پہنچ گئی،وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 13.98 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ ہفتے 12.16 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ادارے نے مہنگائی سے متعلق تازہ ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیاء سستی اور 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔مہنگی ہونے والی اشیاء میں بریڈ 0.91 فیصد اور کوکنگ آئل 0.69 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ انڈے، مٹن، چکن اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب کچھ اشیاء میں کمی بھی دیکھنے میں آئی، جن میں ٹماٹر 27.65 فیصد اور پیاز 9.35 فیصد سستے ہوئے،ادارہ شماریات کے مطابق اگرچہ بعض ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تاہم مجموعی طور پر ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو معیشت میں مسلسل دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔



