لاس اینجلس:آگ مزید بھیانک ہونے لگی،اموات میں اضافہ
کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ تیز ہواؤں کے باعث مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاس اینجلس اور وینٹورا کاؤنٹی کے زیادہ تر علاقوں میں منگل سے بدھ کی صبح تک 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
امریکی حکام نے ’ریڈ فلیگ وارننگ‘ کا اعلان کردیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور پہلے سے لگی آگے میں مزید شدت آسکتی ہے۔
لاس اینجلس کے فائر ڈیپارٹمنٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کل صبح تک چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانے کی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب، لاس اینجلس کے شمال مغرب میں واقع وینٹورا کاؤنٹی میں سانتا کلارا دریا کے کنارے رات گئے ایک چھوٹی لیکن تیزی سے پھیلنے والی نئی آگ بھڑک اٹھی۔
زمینی عملہ اور متعدد ہیلی کاپٹر اس آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں، جو اب تک 56 ایکڑ سے زیادہ رقبے کو تباہ کر چکا ہے اور ایک گالف کورس بھی اس آگ کی زد میں آچکا ہے تاہم اب تک وہاں کے رہائشیوں کو خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز ہواؤں کی پیش گوئی کے پیش نظر 85 ہزار سے زائد فائر فائٹرز نے جنگلات میں لگی دو بدترین آگ پر زمین اور فضا سے قاپو پانے کی کوششیں تیز کیں جس کا مقصد آگ کو رات بھر مزید پھیلنے سے روکنا تھا۔
ریاستی حکام نے گزشتہ روز لاس اینجلس اور جنوبی کیلیفورنیا کی دیگر کاؤنٹیوں میں آگ بجھانے والے عملے کو پہلے سے ہی تعینات کر دیا تھا۔
لاس اینجلس کاؤنٹی میڈیکل ایگزامنر کے مطابق آگ لگنے سے اب تک 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ریسکیو عملے کی جانب سے جلے ہوئے گھروں کی تلاشی کا عمل جاری ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی بدترین آگ نے 12 ہزار سے زائد عمارتوں کو تباہ کردیا ہے جب کہ ایک بڑے رقبے کو راکھ اور ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔
پیر تک لاس اینجلس کاؤنٹی میں 92 ہزار سے زائد افراد کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ مزید 89 ہزار افراد کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی۔
لاس اینجلس کے مغربی کنارے پر لگنے والی ’پیلیسیڈز فائر‘ نے 23 ہزار 713 ایکڑ (96 مربع کلومیٹر) کے رقبہ کو جلا دیا ہے جس پر 14 فیصد قابو پایا گیا ہے۔
کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر پروٹیکشن (کیل فائر) کے مطابق شہر کے مشرق میں سان گیبریل پہاڑوں کے دامن میں لگنے والی ’ایٹن فائر‘ نے مزید 14 ہزار 117 ایکڑ (57 مربع کلومیٹر) کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جس پر 33 فیصد قابو پالیا گیا ہے۔
تیسری آگ ’دی ہرسٹ‘ جو 799 ایکڑ (3.2 مربع کلومیٹر) پر پھیلی ہوئی تھی، اس پر 95 فیصد قابو پا لیا گیا تھا جب کہ حالیہ دنوں میں کاؤنٹی میں لگنے والی دیگر 3 آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔



