
لاہور( بیوروچیف)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے بہاولپور پریس کلب کے عہدیداروں کے ایک وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پریس کلب کے صدر چوہدری محمد سلیم کر رہے تھے، جبکہ دیگر شرکاء میں سیکرٹری جلال الدین بھٹی، سینئر نائب صدر مرتضیٰ نذیر، ندیم عباس اور عمران رضوی شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بہاولپور پریس کلب کے وفد نے وزیر اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بہاولپور کے صحافیوں نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو روایتی شال کا تحفہ بھی پیش کیا۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے تمام صحافیوں کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بلا تفریق اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صحافی چاہے رحیم یار خان کا ہو، بہاولپور کا ہو یا لاہور کا، حکومت کے نزدیک سب برابر ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے صحافیوں کو بھی سینٹرل پنجاب کے صحافیوں جیسی تمام تر سہولیات ملنی چاہئیں اور حکومت اس مقصد کے حصول کی لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بہاولپور پریس کلب میں ہر سال الیکشن کے انعقاد کے عمل کو سراہتے ہوئے اسے ایک قابل ستائش جمہوری عمل قرار دیا اور کہا کہ پریس کلب صحافیوں کے بنیادی حقوق کے ضامن ہوتے ہیں۔



