پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

آزاد کشمیر: عوامی احتجاج ، انتخابی مہم سست روی کاشکار

852 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ38 لاکھ 4 ہزار 368 ووٹرز کرینگے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)آزاد کشمیر کے حالیہ عوامی احتجاج نے انتخابی ماحول کو متاثر کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ 2026 کے عام انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں ابھی تک سست روی کا شکار ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 45 حلقوں کے لیے حتمی پولنگ سکیم کے ساتھ ساتھ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اس تاریخی معرکے کے لیے مجموعی طور پر 1255 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، جن میں سے ریکارڈ 313 امیدواروں کی دستبرداری یا کاغذات واپسی کے بعد اب 852 امیدوار الیکشن کے میدان میں آمنے سامنے رہ گئے ہیں۔

ان امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ریاست کے 38 لاکھ 4 ہزار 368 رجسٹرڈ ووٹرز کریں گے، الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی سہولت کے لیے ریاست بھر میں 6 ہزار 963 پولنگ سٹیشنز اور 10 ہزار 913 پولنگ بوتھ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سب سے بڑا اور سخت مقابلہ ضلع کوٹلی اور مظفرآباد زون میں دیکھنے کو ملے گا۔

کوٹلی کے 6 حلقوں میں 197 میں سے 62 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد اب 135 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ مظفرآباد کے 5 حلقوں میں سب سے زیادہ یعنی 217 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے جن میں سے 66 کے پیچھے ہٹنے کے بعد اب 126 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

پونچھ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں 179 میں سے 53 امیدوار دستبردار ہوئے اور وہاں بھی 126 امیدوار ہی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔میرپور کے 4 حلقوں میں 98، باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں 83، اور جموں کے مہاجرین کے حلقوں میں 82 امیدوار مدمقابل ہیں۔ بھمبر کے 3 حلقوں میں 63، وادی کے مہاجرین کے حلقوں میں 54، وادی? نیلم کے 2 حلقوں میں 51، اور جہلم ویلی کے 2 حلقوں میں سب سے کم یعنی 34 امیدوار میدان میں باقی بچے ہیں۔

6 سابق وزرائے اعظم اور موجودہ وزیراعظم بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سابق وزرائے اعظم میں سردار یعقوب خان، راجہ فاروق حیدر خان، سردار عتیق احمد خان، سردار تنویر الیاس خان، عبدالقیوم نیازی اور چوہدری انوار الحق شامل جبکہ موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور بھی انتخابی میدان میں ہیں۔

پونچھ میں دو سابق وزرائے اعظم سردار محمد یعقوب خان اور عبدالقیوم نیازی کے درمیان جوڑ پڑے گا، ضلع باغ میں دو سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس خان کے ساتھ ساتھ موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کوٹلی کی دو نشستوں سے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وادی نیلم کی دو نشستوں سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید اور استحکامِ پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کسی بھی بڑی جماعت کے سربراہ کی جانب سے سب سے زیادہ نشستوں پر حصہ لینے کا ریکارڈ قائم کر رہے ہیں اور یہ دونوں رہنما بیک وقت تین تین حلقوں یعنی باغ وسطی، اپر وادی نیلم اور پاچھیوٹ سے انتخابی دنگل کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button