پاکستانتازہ ترین

جدید ٹیکس نظام کا مقصد عوام کو سہولت اور اعتماد دینا ہونا چاہیے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ جدید ٹیکس نظام کا محور صرف محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا بھی ہونا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے یہ بات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، بورڈ ممبران، سینئر افسران، چیف کمشنرز اور چیف کلیکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ سالانہ محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے پر ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے ایف بی آر کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مسلسل اصلاحات، ٹیم ورک اور ادارے کے افسران و عملے کی محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران ملکی محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان کے مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بہتر محصولات اور محتاط مالی نظم و ضبط کے باعث بیرونی شعبے کے اشاریوں میں بہتری آئی جبکہ مالیاتی استحکام میں بھی اضافہ ہوا۔

انہوں نے ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز کے شعبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیرف ریلیف فراہم کرنے کے باوجود محصولات میں اضافہ کیا۔

ایف بی آر نے 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر نے مالی سال کے دوران 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جن میں مالی سال کے آخری روز 13.5 ارب روپے کی ریکارڈ ادائیگی بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی حکومت کے کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔

ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منظور کردہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل ادارے کی تنظیمی تبدیلی کو مزید تیز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شفاف، آسان اور جدید ٹیکس نظام ہی ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ اصلاحاتی عمل سے ثابت ہوا ہے کہ قومی مقاصد کے لیے متحد ہو کر کام کرنے سے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف بی آر حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھے گا تاکہ ٹیکس دہندگان کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button