لاہور ( بیورو چیف) فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب ایک رکشہ ڈرائیور غربت اور بیوی کے جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش میں ہائی وولٹیج تاروں کے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد کھمبے پر چڑھے رکشہ ڈرائیور کو کرین کی مدد سے بحفاظت نیچے اتار لیا۔ تفصیل کے مطابق چوہنگ کا رہائشی رکشہ ڈرائیور محمد نواز گزشتہ روز غربت اور بیوی کے جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی کوشش میں فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب نصب ہائی وولٹیج تاروں کے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو 1122اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
اطلاع ملنے پر محمد نواز کے اہلخانہ بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی وہاں کھمبے کے نیچے اکٹھی ہوگئی۔ سب اسے آوازیں دیتے اور نیچے اتارنے کی کوشش کرتے رہے۔ محمد نواز کا کہنا تھا کہ اس کے مالی حالت خراب ہیں، اس کا رکشہ بھی خراب ہے، اس کی بیوی اس سے لڑائی کرتی ہے۔ دو روز سے رکشہ خراب ہونے پر کام نہیں کرسکا۔
کام نا ہونے کی وجہ سے گھر میں کھانا بھی نہیں بن سکا۔ میں آج زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں محمد نواز کا بڑا بیٹا علی عادل اور چھوٹا بیٹا احمد موقع پر موقع پر پہنچ گئے۔ محمد نواز کے بیٹے اور موقع پر موجود شہری آوازیں لگا کر محمد نواز کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے کہ وہ نیچے اتر آئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق محمد نواز کا ذہنی توازن درست نہیں بتایا جارہا۔
محمد نواز کی گھر والوں سے لڑائی بھی ہوئی، جس کے باعث انتہائی قدم اٹھایا۔ بعد ازاں ریسکیو 1122نے بڑی کرین موقع پر منگوالی اور اس پر چڑھ کر محمد نواز کو کھمبے سے نیچے اتارنے کے لئے کوشاں رہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجلی کے کھمبے پر چڑھے رکشہ ڈرائیور محمد نواز کو کرین کی مدد سے بحفاظت نیچے اتار لیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بجلی کے کھمبے سے اتارا گیا محمد نواز بالکل ٹھیک ہے۔ جسے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔



