
لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)پی ایچ اے لاہورنے شہرکا حسن بڑھانے کےعزم کےتحت پودوں اور پھولوں کی کئی نئی اقسام مہم متعارف کرادیں۔لاہورکی اہم شاہراہوں او رپارکوں میں پھولوں کی بہار آگئی۔

شہرِ لاہور کے پانچ بڑے پارکوں میں شمار ہونے والے گلشن اقبال پارک میں پھولوں کی بہار نے شہریوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

پی ایچ اے (PHA) لاہور کی جانب سے گلشن اقبال پارک کے 67 ایکڑ رقبے پر محیط اس پارک میں پھولوں کی نئی اقسام اور رنگ برنگی پیٹونیا (Petunia) کی بہار لائی گئی ہے۔ پارک میں تین بڑی کارپٹ بیڈز (Carpet Beds) بنائی گئیں جو پھولوں کے شاندار امتزاج سے سجی ہوئی ہیں۔

یہ خوبصورت نظارہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ممکن بنایا گیا ہے۔ڈائریکٹر پی ایچ اے ظہیرالحسن اوران کی ٹیم کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو شہریوں کی بڑی تعداد سراہ رہی ہے۔ تفریح کے لیے آنے والے خاندانوں اور سیاحوں کا کہنا ہے کہ پیٹونیا کے پھولوں کی یہ رنگینی پارک کے حسن کو چار چاند لگا رہی ہے اور شہریوں کے لیے ایک پرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

ڈائریکٹر پی ایچ اے ظہیر الحسن کا کہنا ہے کہ لاہور کو سرسبز اور پھولوں کا شہر بنانے کا سفر جاری رہے گا اور پارکوں میں اسی طرح کے مزید خوبصورت انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت مند اور دیدہ زیب ماحول فراہم کیا جا سکے۔



