لاہور: (بیوروچیف) ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بانی پی ٹی آئی کیخلاف دس ارب کے ہتک عزت دعوی میں بھیجے گئے لیگل نوٹس پیش کرنے کیلئے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرکےسماعت 23 جون تک ملتوی کر دی ۔
وزیر اعظم ویڈیو لنک پر جرح کیلئے پیش ہوئے،وزیراعظم نے ویڈیو لنک پر جرح سے پہلے حلف لیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے وزیر اعظم سے سوال کیا بیان حلفی میں ذکر نہیں آپ کو اوتھ کمشنر کے سامنے کس نے شناخت کیا؟
شہباز شریف کے وکیل نے سوال پر اعتراض کیا اور واضح کیا اس پر پہلے بحث ہو چکی ہے، وزیر اعظم نے خود بھی اس سوال پر اعتراض کیااورکہاجج صاحب اور وکیل بانی پی ٹی آئی کا وقت بہت قیمتی جبکہ حقیر درجے میں میراوقت بھی بہت قیمتی ہے،یہ باتیں پہلے زیر بحث آچکی ہیں، اس سے مزید وقت ضائع ہوگا۔
مجھے اوتھ کمشنر بحیثیت وزیر اعلی پنجاب جانتے تھے، جج صاحب آپکے سامنے بہت سی پیشیاں ہو چکیں، ابھی تک مہروں اور دستخطوں کے علاوہ کوئی بات آگے نہیں بڑھی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل چاہتے ہیں اسی بہانے آپ سے بار بار ملاقات ہو جاتی ہے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے سوال کیادعویٰ میں لکھا ہے آٹھ مئی 2017 کو لیگل نوٹس بانی پی ٹی آئی کو بھجوایا لیکن وہ نوٹس دعویٰ موجود نہیں، وزیر اعظم نے استدعا کی اجازت دی جائے تاکہ لیگل نوٹس عدالت میں پیش کرسکیں۔



