پشاور (ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حقوق میں سب سے اہم مسئلہ خیبرپختونخوا کا این ایف سی میں حصہ ہے اور گزشتہ آٹھ سال سے وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کے بعد این ایف سی کے تحت ہر سال ہونے والی وسائل کی تقسیم غیر آئینی ہے، کیونکہ آئین واضح طور پر یہ تقاضا کرتا ہے کہ این ایف سی کا حصہ چاروں صوبوں میں تقسیم کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ این ایف سی ایوارڈ عملًا غیر مو ثر اور متروک ہو چکا ہے، لہذا اسے فوری طور پر اپ ڈیٹ کیا جانا چاہیے یا گیارہواں این ایف سی ایوارڈ تشکیل دیا جانا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے گندم کی فراہمی مسلسل روکی جا رہی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 151کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیر آئینی اقدام ہے۔



