خاموشی کا شور
حضرت علی علیہ السلام کافرمان ہے کہ "محنت خاموشی سے کرو کہ کامیابی شور مچا دے۔”یہ جملہ صرف ایک زبانی نصیحت نہیں بلکہ ایک عملی اصول ہے، جس پر اگر کوئی قوم ایمان لے آئے تو تاریخ کا دھارا بدل سکتی ہے۔ پاکستان نے اسی اصول کو اپنایا۔ خاموشی سے اپنے راستے چنے، منصوبے بنائے، تربیت کی، اور اس وقت تک کچھ نہ کہا جب تک دنیا خود یہ کہنے پر مجبور نہ ہو گئی کہ واقعی پاکستان نے کچھ کر دکھایا، اور بہت کچھ کر دکھایا۔
دشمن ممالک نے ہمیشہ پاکستان کی خاموشی کو اس کی کمزوری سمجھا۔ انہیں گمان تھا کہ شاید پاکستان عالمی دوڑ میں پیچھے رہ چکا ہے، یا یہ خاموشی خوف کا نتیجہ ہے۔ ان کے تجزیے، منصوبے اور سازشیں ایک خوش فہمی کی بنیاد پر چلتی رہیں، اور وہ اسی خوش فہمی میں بہت آگے نکل گئے۔ لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ جس قوم کو وہ سست سمجھ رہے ہیں، وہ دراصل گہری چال چل رہی ہے۔ جب دنیا اپنی باتوں اور جھوٹے تجزیوں میں الجھی ہوئی تھی، پاکستان کے ادارے بالخصوص آئی ایس آئی، آئی بی اور دیگر حساس شعبے میدانِ عمل میں اپنی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنا رہے تھے۔
آج منظرنامہ مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ وہی دشمن جو پاکستان کو کمزور اور پسماندہ سمجھتے تھے، آج اپنے میڈیا چینلز پر بیٹھ کر سر پکڑ کر اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس، اور دفاعی حکمت عملی کے میدان میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بھارتی اخبارات اور نیوز چینلز آج خود اعتراف کر رہے ہیں کہ را (RAW) جیسے ادارے، جنہیں کبھی ناقابلِ شکست سمجھا جاتا تھا، اب اپنی ناکامیوں کی فہرست سمیٹتے پھر رہے ہیں۔ ان کے اپنے تجزیہ نگار اعتراف کر رہے ہیں کہ پاکستان کی انٹیلیجنس نے ان کی آنکھوں میں دھول جھونکی اور ایسی چالیں چلیں کہ وہ سنبھل نہ سکے۔
پاکستان نے خاموشی سے وہ مقام حاصل کیا ہے جو صرف شور مچانے سے نہیں ملتا۔ یہ وہ سفر تھا جس میں دعوے نہیں، عزم تھا۔ جس میں خبریں نہیں، حکمت تھی۔ یہی وہ فرق ہے جو آج دنیا کے طاقتور ممالک کو پاکستان کے سامنے جھکنے پر مجبور کر رہا ہے۔ آج وہ تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے ساتھ ساتھ ایک انٹیلیجنس سپر پاور بھی ہے، جس کی خاموشی خود ایک اعلان ہے۔
حال ہی میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں بھی پاکستان نے وہ کردار ادا کیا، جس کا چرچا تو کم ہوا، مگر اثر پوری مسلم دنیا نے محسوس کیا۔ پاکستان نے پسِ پردہ، سفارتی سطح پر، اور دفاعی مہارت کے ساتھ اپنی پوزیشن کو اس انداز میں استعمال کیا کہ امتِ مسلمہ کو تقویت ملی، اور عالمی توازن پر ایک غیر محسوس مگر پائیدار اثر پڑا۔
پاکستان صرف ایک ریاست نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، جو امن، وقار، فہم، اور حکمت کا نام ہے۔ یہ وہ ملک ہے جس نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا، امت کا دفاع کیا، اور اسلام و انسانیت کے درمیان ایک پل بن کر کھڑا رہا۔ چاہے فلسطین ہو یا کشمیر، بوسنیا ہو یا افغانستان، پاکستان نے صرف دعوے نہیں کیے بلکہ عملی مدد فراہم کی۔ اور آج بھی، جب بھی کسی مسلمان قوم کو کسی سائے کی ضرورت ہو، پاکستان اپنا بازو پیش کرتا ہے۔
یہ قوم، یہ فوج، یہ ادارے سب ایک نظریے پر قائم ہیں: خاموشی میں طاقت ہے، اور طاقت میں وقار۔پاکستان کی خاموشی صرف برداشت نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے۔ یہ پیغام اُن کے لیے ہے جو سمجھتے ہیں کہ ہمارے گریبان تک پہنچنا آسان ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اگر کسی نے گریبان تک ہاتھ بڑھایا، تو ہم ان کے چہرے سے نقاب کھینچ لیں گے۔ اور یہی کچھ ہوا۔
آج دنیا دیکھ رہی ہے، سن رہی ہے، مان رہی ہے۔ پاکستان کی کامیابی کا شور اس کی خاموش محنت کا صلہ ہے۔ دشمن حیران ہے، دوست فخر سے بھرے ہوئے ہیں، اور پوری دنیا کو یہ سبق مل رہا ہے کہ سچی محنت اور خلوص سے کی گئی حکمت عملی کبھی ضائع نہیں جاتی۔ یہ خاموشی اب گونج چکی ہے، اور اس کی بازگشت بہت دیر تک سنی جائے گی۔
جب دشمن کی آنکھوں پر غرور کی پٹی بندھی ہو، اور اسے اپنی طاقت کا زعم ہو، تو وہ سب سے پہلے اپنی ہی غلط فہمیوں کا شکار ہوتا ہے۔ یہی کچھ بھارت کی خفیہ ایجنسی را (RAW) کے ساتھ ہوا۔ انہیں لگا کہ شور، سازش، اور پروپیگنڈا ہی اصل جنگ ہے۔ انہوں نے کبھی یہ نہ سوچا کہ خاموشی بھی ایک حربہ ہوتا ہے، جو وقت آنے پر میدانِ جنگ میں نہیں، دشمن کی عقل و فہم پر وار کرتا ہے۔
را نے پاکستان کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ کبھی بلوچستان میں مداخلت، کبھی عالمی فورمز پر جھوٹے الزامات، اور کبھی فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی سازش۔ لیکن ہر مرتبہ، ہر چال پاکستان کی خاموش دیواروں سے ٹکرا کر بکھر گئی۔ پاکستان نے ان الزامات کا جواب کسی شور یا اشتعال سے نہیں دیا، بلکہ ثبوت، تدبر، اور عالمی معیار کی انٹیلیجنس صلاحیتوں سے دیا۔
کلبھوشن یادیو کی گرفتاری وہ لمحہ تھا جب را کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا۔ ایک ایسا افسر، جو براہِ راست بھارت کی خفیہ ایجنسی کا نمائندہ تھا، پاکستان کی سرزمین پر گرفتار ہوا، اور خود اپنی زبان سے اپنی کارروائیوں کا اعتراف کیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے عالمی سطح پر بھارت کے عزائم کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ را کی ساکھ کو مستقل داغدار کر دیا۔
دوسری جانب، پاکستان کی آئی ایس آئی نے کبھی خود کو میڈیا کی زینت بنانے کی کوشش نہیں کی نہ تصاویر میں، نہ بیانات میں، نہ سوشل میڈیا پر۔ لیکن دنیا کے اندرونی حلقوں، سفارتی میزوں، اور عسکری پالیسی ساز اداروں میں آج یہ بات کھلے عام مانی جاتی ہے کہ آئی ایس آئی دنیا کی صفِ اول کی خفیہ ایجنسیوں میں شامل ہے۔ نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا، اور افریقی خطے میں بھی پاکستان کی خفیہ معلومات نے کئی عالمی آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آئی ایس آئی نے نہ صرف دشمن کی سازشوں کو وقت سے پہلے بے نقاب کیا بلکہ کئی مرتبہ عالمی ایجنسیوں کو بھی حساس معلومات فراہم کیں، جو بڑے سانحات کو روکنے میں مددگار ثابت ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کے کئی خفیہ ادارے پاکستان کے ساتھ خاموش اشتراکِ عمل رکھتے ہیں، اور اس کے تجزیاتی ماڈلز اور معلوماتی نیٹ ورک کو قابلِ اعتماد مانتے ہیں۔
ایسی کامیابی شور سے نہیں ملتی یہ صبر، ذہانت اور عزم سے حاصل ہوتی ہے۔ پاکستان نے را کی شور مچاتی ناکامیوں کے مقابلے میں ایک خاموش کامیابی کی داستان لکھی ہے، جس میں نہ شہ سرخیاں تھیں، نہ نعرے بازی — صرف ایک پختہ سوچ، بروقت اقدام، اور دشمن کی چال کو اس کے آغاز میں ہی ختم کرنے کی صلاحیت۔
آج بھارت کا میڈیا جب "سرجیکل اسٹرائیکس” کا واویلا کرتا ہے تو ان کے اپنے تجزیہ نگار اس پر ہنستے ہیں۔ جب وہ دعوے کرتے ہیں کہ پاکستان میں کچھ کر دکھایا، تو ان کے چہرے خود ان کی سچائی کی گواہی دے رہے ہوتے ہیں۔ اور پاکستان — وہ بس مسکرا کر آگے بڑھ جاتا ہے، کیونکہ جس نے اصل کام کیا ہو، اسے چیخنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
یہ وقت ہے جب دنیا ایک نئے انداز سے پاکستان کو دیکھ رہی ہے ایک ایسا ملک جو صرف میزائلوں اور ٹینکوں میں نہیں، ذہنوں اور نظریات میں بھی طاقتور ہو چکا ہے۔ آئی ایس آئی کی خاموش فتوحات نے نہ صرف دشمن کی سازشوں کو روکا بلکہ پاکستان کو عالمی سیاسی توازن میں ایک مؤثر مقام پر لا کھڑا کیا۔
پاکستان اب صرف دفاعی سطح پر نہیں، انٹیلیجنس کی جنگ میں بھی فاتح ہے اور اس فتح کی سب سے خوبصورت بات یہی ہے کہ یہ خاموش ہے، مگر پوری دنیا میں سنی جا رہی ہے۔



