پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

سعد اورانس رضوی آزادکشمیرفرار،پنجاب حکومت نے گرفتاری کیلئے تعاون مانگ لیا

لاہور:(بیوروچیف) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کے آزاد کشمیر فرار ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،پنجاب حکومت نے گرفتاری کیلئے تعاون مانگ لیا۔پنجاب کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کا سراغ لگا لیا ہے، حکام کے مطابق دونوں مفرور رہنما مریدکے میں ہونے والے کریک ڈاؤن کے بعد آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) فرار ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ معلومات آزاد جموں و کشمیر کی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کر دی ہیں اور ان سے ٹی ایل پی رہنماؤں کی گرفتاری میں تعاون مانگا گیا ہے، یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹی ایل پی کے حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ان کے سربراہ پہلے ہی حراست میں ہیں۔

اہلکار کے مطابق کریک ڈاؤن کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر اداروں کے سینئر افسران پر مشتمل کئی ٹیمیں سعد رضوی اور ان کے بھائی کا سراغ لگانے کے لیے تعینات کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعد رضوی اور ان کے بھائی کو پہلی بار مریدکے میں احتجاجی کیمپ سے پیدل جاتے اور پھر موٹر سائیکل پر فرار ہوتے دیکھا گیا، اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ایک ہنگامی پیغام جاری کیا گیا کہ ایک موٹر سائیکل سوار کے ساتھ ٹی ایل پی کے سربراہ اور ان کا بھائی قریبی گلیوں کی طرف جا رہے ہیں۔

تاہم تینوں مشتبہ افراد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے زخمی ہونے سے متعلق طرح طرح کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

افسر نے بتایا کہ خصوصی ٹیموں نے بالآخر ٹی ایل پی رہنماؤں کی آخری لوکیشن آزاد جموں و کشمیر میں ٹریس کی، جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے علاقائی حکومت سے مدد طلب کی گئی۔

یہ بھی یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کر دی ہے اور اس سلسلے میں سمری وفاقی حکومت کو بھجوائی گئی ہے۔

دوسری جانب، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھی سعد رضوی کے نام پر چلنے والے تقریباً 95 بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا ہے، اہلکار کے مطابق ان میں سے 15 اکاؤنٹس سود پر مبنی تھے، اور ایف آئی اے ان بینکوں سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان اکاؤنٹس کے لین دین کا جائزہ لیا جا سکے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button