پاکستانتازہ ترین

درگاہوں پر حاضری سے روح کو تازگی ملتی ہے، صوفیائے کرام نے اسلام کا پیغام عام کیا: گورنر پنجاب

شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 283ویں عرس میں شرکت، مزار پر حاضری، چادر پوشی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا، امن و بھائی چارے کے فروغ پر زور

لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے معروف صوفی شاعر حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 283ویں سالانہ عرس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کہا ہے کہ درگاہوں پر حاضری سے انسان کی روح کو تازگی ملتی ہے، جبکہ صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرکے معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

گورنر پنجاب کی نواب شاہ سندھ ایئرپورٹ آمد پر وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر ثقافت نے گورنر پنجاب کو سندھی اجرک پہنائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ کے ہمراہ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے مزار کے احاطے میں نوافل بھی ادا کیے۔

عرس کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی روشنی پھیلانے میں صوفیائے کرام کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے اپنے قول و عمل سے محبت، برداشت، اخوت اور انسانیت کا درس دیا، جس پر آج بھی عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے صوفیائے کرام کی تعلیمات مشعلِ راہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے زور دیا کہ اسلام کے نام پر مذہبی فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ درگاہوں پر حاضری انسان کو روحانی سکون اور تازگی فراہم کرتی ہے، جبکہ اولیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں محبت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button