پاکستانتازہ ترین

خلیجی ممالک پر حملوں کی پاکستان کی شدید مذمت، امن کے لیے مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں: شہباز شریف

کویتی وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی اہم ملاقات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے لیے ایک دیانت دار، مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ روابط پر استوار ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کویتی قیادت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور جاری تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں کویت کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ مستقبل میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

کویتی وزیر خارجہ نے مشکل حالات میں کویت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب کویت کے وزیر خارجہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کویت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتے ہیں، جبکہ کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button