پاکستانتازہ ترین

آزاد کشمیر میں عوامی مسائل نظرانداز، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اقتدار کی سیاست میں مصروف ہیں: حافظ نعیم الرحمان

پٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان، عوام گھروں سے نکلیں، احتجاج پرامن ہوگا، بنو قابل پروگرام نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ہے

لاہور (زبیر اسلم خان) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں نوجوانوں کا خون بہہ رہا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار کی سیاست میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کو ہونے والا ملک گیر احتجاج عوامی حقوق کی جنگ ہے اور مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ ٹیکسوں سے تنگ عوام مزید خاموش نہیں رہیں گے۔

ملتان میں الخدمت فاؤنڈیشن کے بنو قابل پروگرام کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب طبقے کے لیے تعلیم کے دروازے بند کر دیے ہیں، جبکہ بنو قابل پروگرام ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو رہا ہے۔ تقریب کے موقع پر انہوں نے طلبہ کی جانب سے تیار کیے گئے مختلف منصوبوں کے اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں تمام اضلاع کو ملانے والی اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا اور لاکھوں نوجوان موٹرسائیکل ریلیوں کے ذریعے اس عوامی تحریک میں حصہ لیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج ہمیشہ کی طرح مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری تحریک کا حصہ بنیں اور اپنے آئینی و جمہوری حق کے لیے آواز بلند کریں۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے، کیونکہ جماعت اسلامی آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے اور یہ عوام سے ناجائز ٹیکس وصول کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button