دھرمیندراردو کا عاشق وہ فنکار جسے سراہا نہ گیا
لندن:(تجزیہ /حسنین جمیل) دھرم جی چلے گئے مگر اپنے کرداروں کے باعث ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ، دھرم سنگھ دیول جنہیں ہم سب دھرمیندر کے نام سے جانتے ہیں پیر24نومبر2025کوچل بسے ، مجھے یقین ہے اتنے پیارے انسان کی آتما شانت ہی ہو گی کہتے تھے جو میری طرف مسکرا کر دیکھتا ہے میں اس سے ہاتھ ملاتاہوں جو ہاتھ ملاتا ہے اسے گلے سے لگا لیتا ہوں ۔

دھرم جی ہردل عزیز اداکار تھے حقیقی معنوں میں عوامی اداکار جسے عوام نے چاہا اور ہیرو بنایا وہ ستر کی دہائی میں راجیش کھنہ اور امیتابھ بچن کے اور 80 کی دہائی کے متھن چکروتی کے اسٹار ڈم کے سامنے تواتر سے ہٹ فلمیں دیتے رہے ابتک 100 کے قریب ہٹ فلموں کا ریکارڈ ہے جو شاید کوئی توڑ سکے ۔
دھرم جی نے ستیا کام ،آئی ملن کی بیلا ، یادوں کی بارات ، آنکھیں ، رضیہ سلطان، گڈی جیسی فلموں میں کردارنگاری کی،جینے نہیں دوں گا ، حکومت ، اعلان جنگ ،راج تلک ، غلامی ،ہم سے نہ ٹکرانہ ، وطن کے رکھوالے، جورای، ظلم کی حکومت، پھول اور پتھر جیسی ایکشن فلموں میں کام کیا اور عوامی ہیرو کہلائے پھر نوکر بیوی کا میں کامیڈی ہیرو بن گئے چپکے چپکے ، شالمیار میں رومانی ہیرو بنے مگر ناقدین کا رویہ انکے ساتھ منصفانہ نہ رہا کبھی انکو نیشنل اور فلم فیئر ایوارڈ سے نہ نوازا گیا۔
جب ان کو عمر بھر کی کارکردگی پر فلم فیئر ایوارڈ ملا تو انہوں نے شکوہ اسی انداز سے کیا ، ہر سال محنت کرتا تھا فلم فیئر کی تقریب کے لئے نیا سوٹ پہن کر اتا تھا مگر ایوارڈ نہ ملتا تھا ، دھرم جی بہت خوبرو تھے عاشق مزاج بھی تھے ایسے میں خوبصورت لڑکیوں کا دل ان پر آنا یاں ان کا کئی اپسروں پر فدا ہونا معمول کی بات تھی۔
مینا کماری فلم لاہن میں ان کا پہلا عشق تھا اسی مینا کماری کے قرب اور دلیپ کمار سے دوستی جنکو وہ اپنا ہیرو بھی کہتے تھے دھرم جی کو اردو کا شیدائی بنا دیا دھرم جی اردو سیکھنے لگے پھر نظمیں بھی لکھیں اپنی سوانخ عمری بھی اردو میں لکھ رہے تھے جو ابھی ادھوری تھی ، دھرم جی اور ہیمامالنی کا عشق بلاخیز نے پورے بھارت کو ہلا دیا تھا ۔
دھرم جی پہلے سے شادی شدہ تھے دھرم جی نے ساری زندگی محبتیں سمیٹیں مگر ایک غلطی کی جب سیاست میں آئے لوک سبھا کے رکن بنے مگر پھر اپنے حلقے میں غیر فعال ہو گئے اہل حلقہ نے احتجاجی طور انکی گمشدگی کے اشتہار بھی لگا دیئے، غلطی سنی دیول، امتیابھ بچن گووندانے کی تھی اب متھن چکروتی بھی کر رہے ہیں آپ سب کلاکار ہیں کلاکاری سے دلوں کو گرویدہ کرتے ہیں یہ سیاست گیری آپ کا کام نہیں۔



