کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ایران
ان کی دنیا کو آگ لگا دیں گے، خامنہ ای کیخلاف کسی بھی اقدام پر وارننگ
تہران ( ویب ڈیسک ) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا کہ اگر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف کوئی بھی جارحانہ اقدام اٹھایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایرانی مسلح افواج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر ہمارے رہبر کی جانب کسی نے ہاتھ بڑھایا تو ہم وہ ہاتھ کاٹ دیں گے اور اِن کی دنیا کو آگ لگا دیں گے۔
جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئے حملے کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
امریکی اخبار کے مضمون میں عباس عراقچی نے لکھا کہ ایران کے خلاف امریکا کے جارحانہ اقدامات ناکام ہوچکے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئے حملے کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
جون 2025ء میں ایران نے ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا تھا، دوبارہ حملہ ہوا تو پوری طاقت کے ساتھ جوابی کارروائی کریں گے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی دھمکی نہیں، حقیقت ہے جسے بطور سفارت کار بیان کرنا ضروری سمجھتا ہوں، یہ جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، دنیا بھر کے عام لوگوں کو متاثر کرے گی، امریکا کا رویہ تبدیل ہونا چاہیے، ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر بات کرنی چاہیے۔



