لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جرائم کے خاتمے اور عوامی اعتماد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق سی سی ڈی کو دنیا کے بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جدید فارنزک ٹیکنالوجی، تفتیشی مہارتیں، جدید مشینری، اے آئی سافٹ ویئر اور جدید انٹیلی جنس سرویلنس سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی ڈی کا جدید آلات سے لیس مرکزی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی کے دفاتر، تھانے اور رہائشگاہیں تعمیر کی جائیں گی۔
اجلاس میں عیدالفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیرقانونی اسلحہ کے خلاف بھرپور مہم شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ غیرقانونی اسلحہ کی روک تھام کے لیے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی کے اقدامات کے باعث پنجاب میں مختلف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈکیتی کے واقعات میں 77 فیصد کمی، موبائل اور بیگ چھیننے کے واقعات میں 49 فیصد کمی، گاڑی چوری میں 17 فیصد کمی، اقدام قتل میں 31 فیصد کمی جبکہ اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کا ٹاسک بھی سی سی ڈی کو سونپ دیا ہے۔ اس کے ساتھ جرائم کے خاتمے کے لیے جدید تحقیقاتی مراکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا خواتین ججز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں خواتین ججز کی شمولیت انصاف کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔



