خالد مقبول صدیقی،جاپانی قونصل جنرل کی ملاقات،باہمی امورپرتبادلہ خیال
لاہور:(محمد قیصر چوہان)وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی ،مشیر سرمایہ کاری بورڈ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سیدفیروز شاہ نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستانی طلبہ اور اساتذہ کیلئے جاپان میں اسکالر شپ ، ہنر مند لیبر کیلئے روزگار کے مواقع سمیت باہمی امور پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے بتایا کہ جاپانی گورنمنٹ جاپان کی وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (میکسٹ) کے تحت پاکستانی اساتذہ کیلئے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ اورباصلاحیت پاکستانی طلباءکو انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ تعلیم (ماسٹرز، پی ایچ ڈی) کو آگے بڑھانے اور جاپان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکالر شپ فراہم کرتی ہے۔
رواں سال میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ کے تحت ایسے اساتذہ کو موقع فراہم کیا جائے گا جو سکول ایجوکیشن کے شعبے میں تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں اور جاپان کی جامعات میں تدریسی نظام کا عملی تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، منتخب امیدوار جاپان کی کسی یونیورسٹی میں نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ اور ریسرچ پروگرام میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔
یہ پروگرام بیچلرز، ماسٹرز یا پی ایچ ڈی ڈگری پر مشتمل نہیں ہوگا بلکہ اسے مکمل طور پر پیشہ ورانہ تربیت اور سکول ایجوکیشن میں تحقیق کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، پروگرام کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گاجبکہ تدریسی سرگرمیوں سے قبل جاپانی زبان کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی کیونکہ زیادہ تر کورسز اور تحقیقی رہنمائی جاپانی زبان میں کی جاتی ہے۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ جاپانی حکومت نرسنگ کیئر، تعمیرات، زراعت، ہوٹل مینجمنٹ، فیکٹری ورکرز، فوڈ سروس، شپ بلڈنگ اور دیگر شعبوں میں غیر تعلیم یافتہ لیکن تکنیکی ہنر مند افراد کو قانونی ویزے پر جاپان آنے کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے پاکستانی ہنر مند افراد اس موقع سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔



