
لاہور (بیوروچیف) لاہور پریس کلب میں محرم الحرام کی مناسبت سے خصوصی محفل مسالمہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامور شعراء اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی اور حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت اطہار کو عقیدت کے پھول پیش کیے۔
محفل کی صدارت قاری صادق جمیل نے کی جبکہ واجد امیر، علی اصغر عباس، محمد عباس مرزا، ڈاکٹر صغیر احمد صغیر، حکیم سلیم اختر، ڈاکٹر عظمٰی زریں اور منزہ سحر مہمان خصوصی تھے۔

امام حسینؓ کی قربانی دین اسلام کی بقاء کی علامت ہے: ارشد انصاری
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے حق، سچائی اور اصولوں کی خاطر لازوال قربانی دی جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے: افضال طالب
لاہور پریس کلب کے سیکرٹری جنرل افضال طالب نے کہا کہ پریس کلب میں اہم مذہبی اور قومی مواقع پر مشاعروں اور ادبی تقریبات کے انعقاد کی روایت کئی برسوں سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محفل مسالمہ میں شعراء نے نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول پیش کیے۔ حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت اطہار سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
معروف شعراء نے پیش کیا کلام
محفل مسالمہ میں ممتاز شعراء ممتاز راشد لاہوری، مشتاق قمر، سید فاطر شہید، توقیر عباس، حسنین اختر، قسیم سرفراز، حکیم نصر عسکری، شاہد عمران، شفقت رسول مرزا، علی اصغری، خالد محمود آشفتہ، شارق علی شارق، حمزہ علی رانا، سید رضوان رضوی، وقار احمد وقار، شاہ میر مغل، سبطین رضا، اعظم توقیر، ڈاکٹر شجاعت حامد اور شہزاد فراموش نے اپنا کلام پیش کیا۔

صحافتی شخصیات اور ممبران کی بڑی تعداد میں شرکت
محفل میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری جنرل افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز، ممبر گورننگ باڈی سید سجاد کاظمی، سید بدر سعید، ظہیر شیخ سمیت پریس کلب کے ممبران اور سامعین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
محفل کے اختتام پر منتظمین نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔



