لاہور(بیورو چیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میںسیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی،سماجی رہنما ذوالفقار حسین اور سید محسن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پنجاب اورسری لنکاکے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر منشیات کی لعنت کے خاتمے اور منشیات کے عادی افرادکی بحالی کے پروگرام پر خصوصی گفتگوکی گئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہاکہ پنجاب حکومت کا منشیات فروشوں کیخلاف موقف نہایت واضح اور سخت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی اولین ترجیح صوبے کو منشیات سے پاک بنانا ہے،اوراب صوبے میں منشیات کے دھندے میں ملوث عناصرکیلئے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی تباہ کاریوںسے محفوظ رکھنا حکومت پنجاب کا اولین ایجنڈا ہے۔اس مقصد کے حصول تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک کیلئے وسیع پیمانے پرآگاہی مہمات کاآغازکیاگیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے منشیات کے تدارک کے حوالے سے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اس ادارے کے ساتھ ملکر منشیات کے خاتمے اور عوام میں شعور بیدارکرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریگی۔



