لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محنت کشوں کیلئے ایک بڑے رہائشی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ تین سال میں 5 ہزار سے زائد مزدور خاندانوں کو گھر فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 3 مرلہ پلاٹس کے ساتھ ساتھ گھر بنانے کیلئے آسان قرض بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے افراد بھی اپنی چھت کا خواب پورا کر سکیں۔
مریم نواز شریف نے 720 مفت فلیٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فلیٹ کی مالیت تقریباً 35 لاکھ روپے ہے، تاہم مزدوروں سے کوئی رقم وصول نہیں کی گئی اور یہ مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلیٹس میں دو بیڈ روم، لاؤنج اور واش روم جیسی بنیادی سہولیات موجود ہیں، جبکہ حکومت کا مقصد محنت کش طبقے کی زندگی آسان بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 65 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ساڑھے تین سال میں 5 لاکھ گھروں کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد کے پاس زمین نہیں ہے انہیں زمین بھی فراہم کی جائے گی اور گھر بنانے کیلئے مالی معاونت بھی دی جائے گی۔ اسی طرح 15 لاکھ محنت کشوں کیلئے راشن کارڈ اسکیم بھی جاری ہے جس کے تحت ماہانہ مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں تاکہ ہر غریب کو اس کی چھت اور بنیادی سہولتیں مل سکیں۔
انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور صرف دفاتر تک محدود نہ رہیں۔ وزیراعلیٰ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام نجی سوسائٹیز میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور کھلے مین ہولز جیسے خطرناک مسائل فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا سفارش برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔



