لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کچہ ایریا کی ترقی، امن و امان اور روزگار کیلئے 23 ارب روپے کے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا، جبکہ ناجائز اسلحہ واپسی پلان کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کچہ ایریا میں ترقیاتی منصوبوں، سکیورٹی اور عوامی فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران کچہ ایریا میں کوئی بڑا جرائم کا واقعہ پیش نہیں آیا اور حکومتی رٹ مؤثر انداز میں قائم ہوئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 ارب روپے کی لاگت سے کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سکول، ہسپتال، سڑکیں، پل، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
مریم نواز شریف نے کچہ ایریا میں ٹرانسپورٹ سروس، کلینک آن ویلز، موبائل وٹرنری ہسپتال اور لیبارٹریاں فراہم کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ جدید سولر انرجی سے چلنے والی ڈرون سرویلنس کا آغاز کیا گیا ہے، جو 24 گھنٹے فضائی نگرانی کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بریفنگ کے مطابق جدید اے پی سی، پولیس وینز، تھانوں اور چیک پوسٹوں میں بھی سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ کچہ ایریا میں امن و امان کیلئے 7.1 ارب روپے، سوشل انفراسٹرکچر کیلئے 13.9 ارب روپے جبکہ دیگر ترقیاتی امور کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کچہ ایریا کی 6551 طالبات کو سکول میل ملک پیک، 300 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ جبکہ 300 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔
ترقیاتی منصوبوں کے تحت 108 کلومیٹر سولنگ اور 144 کلومیٹر طویل 27 روڈ اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، جبکہ 65 سکولوں کی تعمیر، بحالی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ 16 نئے سکول اور 2 گرلز کالجز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
کچہ ایریا میں مثالی گاؤں پراجیکٹ، سیوریج، ڈرینیج، سپورٹس اور 125 ملین روپے مالیت کے اسکلز ڈویلپمنٹ منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ علاقے میں نادرا رجسٹریشن مہم کے تحت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز اور ب فارم بھی جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کچہ میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس جوانوں اور افسروں کیلئے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری بھی دی۔ اس کے ساتھ ناجائز اسلحہ واپسی پلان منظور کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ متعلقہ تھانوں میں اسلحہ جمع کرانے کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی اور اسلحے کی نوعیت کے مطابق رقم ادا کی جائے گی۔
اجلاس میں کچہ کی مرکزی شاہراہوں کے اطراف لمبی فصلیں اگانے پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو چھپنے کے مواقع نہ مل سکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کچہ کے ہر فرد کا حق ہے، کچہ کو محفوظ، مثالی اور ترقی یافتہ علاقہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کچہ ترقی کرے گا، لوگ خوشحال ہوں گے اور باعزت روزگار حاصل کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے چنیوٹ میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔



