پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

مریم نواز کا’’ سوہنا پنجاب‘‘ منصوبہ فلاپ؟ ہنجروال میں ٹھیکیدار ادھورا کام چھوڑ کر غائب، مکین سراپا احتجاج

یوسی 111 کی معروف احمد سٹریٹ سفیدوں والی گلی میں ترقیاتی کام ٹھپ، سڑک ادھوری، گندگی کے ڈھیر، سیوریج تباہ ،شہری عذاب میں مبتلا، سی این این اردو کی نشاندہی

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا’’سوہنا پنجاب‘‘اور جدید لاہور کا منصوبہ خواب ثابت ہونے لگا۔ لاہور کے وسط میں واقع یونین کونسل نمبر 111، ہنجروال کی معروف احمد سٹریٹ (سفیدوں والی گلی) میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع ہونے والا ترقیاتی منصوبہ مبینہ طور پر ادھورا چھوڑ دیا گیا۔

 

 

مقامی رہائشیوں کے مطابق ٹھیکیدار سڑک کا کام درمیان میں ہی چھوڑ کر غائب ہو گیا، جس کے باعث پوری گلی کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ جگہ جگہ مٹی، ملبہ اور گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جبکہ سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ گندا پانی کھڑا رہنے سے تعفن پھیل رہا ہے اور مختلف بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

سی این این اردو ڈاٹ کام نے معاملے پر متعلقہ ٹھیکیدار سے مؤقف جاننے کے لیے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم اس کا موبائل فون مسلسل بند ملا، جس کے باعث اس کا مؤقف حاصل نہ کیا جا سکا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ روزانہ بچے، خواتین، بزرگ اور مریض ٹوٹی پھوٹی سڑک اور گندگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ترقیاتی منصوبہ شروع کیا گیا تھا تو اسے مکمل بھی کیا جانا چاہیے، ورنہ عوام کو مزید اذیت میں مبتلا نہ رکھا جائے۔

فائل فوٹو

اہلِ محلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر، ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادھورا ترقیاتی کام جلد مکمل کیا جائے، سڑک کی تعمیر ختم کی جائے، سیوریج کا نظام بحال کیا جائے اور گندگی فوری طور پر صاف کر کے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ "صاف سوہنا پنجاب صرف نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے، اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button