لاہور (بیورو چیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں ذرائع آمدورفت کا کردار انتہائی اہم ہے، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات اور بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان ریلوے اکیڈمی کے پروبیشنری افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریلوے اکیڈمی والٹن محمد حنیف گل کر رہے تھے۔
ریلوے نظام میں بہتری کیلئے اقدامات ضروری ہیں، گورنر پنجاب
ملاقات کے دوران ڈی جی پاکستان ریلوے اکیڈمی محمد حنیف گل نے گورنر پنجاب کو وفد کے دورے کے مقاصد سے آگاہ کیا جبکہ پاکستان ریلوے کی بہتری کے لیے جاری اہم منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ہوتے ہیں، اس لیے جدید ٹرانسپورٹ نظام کے لیے جامع اور مؤثر پالیسی اختیار کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ، آرام دہ اور پرسکون سفری سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ریلوے کا سفر محفوظ اور آرام دہ ہے
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ریلوے کا سفر عوام کے لیے ایک اہم ذریعہ آمدورفت ہے جو محفوظ اور پرسکون سفری سہولت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے موجودہ نظام میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں
ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریلوے اکیڈمی والٹن محمد حنیف گل نے گورنر پنجاب کو پاکستان ریلوے کی ملکی اور علاقائی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے گورنر پنجاب کو پاکستان ریلوے اکیڈمی کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے موقع پر ریلوے افسران کو تاریخی گورنر ہاؤس لاہور کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا۔



