لاہور ( سلمان حسین) پاکستان نے 3میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 8وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے 289رنز کا ہدف پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کیا اور یوں سیریز میں بھی 2۔0کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے سری لنکا کو بیٹنگ دی، سری لنکا کی ابتدائی چار وکٹیں 98کے سکور پر گریں، پانچویں وکٹ پر سمارا وکرما اور جینتھ لیانگے نے 61 رنز جوڑے، وکرما 42رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
چھٹی وکٹ پر لیانگے اور مینڈس نے 73رنز کی شراکت سے ٹیم کو سنبھالا دیا، مینڈس 44رنز بناکر میدان سے باہر گئے، لیانگے نے 54رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم نے پاکستان کے جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا ۔آخری اوورز میں ونندو ہسارانگا نے 37رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 288رنز تک پہنچانے میں مدد ددی او وہ 37رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے ابرار احمد اور حارث رئوف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے 289رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے مستحکم آغاز کیا گیا اورپہلی وکٹ پر فخر زمان اور صائم ایوب نے 77رنز کی پارٹنرشپ بنائی، صائم ایوب 33رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
اس کے بعد فخرزمان 78 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اور رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 49ویں اوور میں 2وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں سیریز میں بھی 2۔0کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
بابر اعظم 102اور محمد رضوان 51رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سلمان علی نے کپتانی کی۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے کل کھیلا جائے گا۔



