کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے درمیان کیمیکل اینڈ کوٹنگ ایشیا نمائش کے مشترکہ انعقاد کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
یہ اہم نمائش 12 سے 14 مئی 2026 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں 23ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر (آئی ٹی آئی ایف ایشیا) کے ساتھ منعقد کی جائے گی، جس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
ایم او یو پر چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین ایم شارق فیروز، ای کامرس گیٹ وے کے گروپ وائس پریزیڈنٹ محمد عمیر نظام، فیئرز اینڈ ایگزبیشن کنوینر ناصر الدین فتح ککڈا، سابق چیئرمین شیخ ایم ندیم اور خواجہ عارف کپور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب میں آئی ٹی آئی ایف ایشیا کے پروجیکٹ لیڈ شجاع الدین صدیقی، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران احمد جہانگیر اور عمران اشرف، سابق وائس چیئرمین ندیم آفتاب اور شاہد بشیر جبکہ کیمیکل کونسل ممبر ایم سلیم مکاتی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی ڈی ایم اے سلیم ولی محمد اور صدر ای کامرس گیٹ وے ڈاکٹر خورشید نظام کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی کیمیکل اور کوٹنگ انڈسٹری کو ایک مؤثر اور وسیع پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد صنعت سے وابستہ مینوفیکچررز، سپلائرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ وہ اپنی جدید مصنوعات پیش کر سکیں، کاروباری روابط کو فروغ دیں اور نئے مواقع تلاش کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش سے نہ صرف مقامی صنعت کو تقویت ملے گی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کیمیکل انڈسٹری کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔



