
لاہور ( سلمان حسین ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 11کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 197رنز بنائے اور کراچی کنگز کو198رنز کا ہدف دیا۔
ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41گیندوں پر 65رنز سکور کیے جبکہ سیم بلنگز نے 58رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ کپتان محمد رضوان 21رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کامران غلام 10اور یاسر خان 8رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ نے 2اور میر حمزہ نے 1کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
کراچی کنگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 198رنز کا ہدف آخری اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کراچی کنگز کے اعظم خان 74جبکہ ڈیوڈ وارنر 50رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نسیم شاہ اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سپر لیگ کے نویں میچ میں اسلام یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 184رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس نے 48گیندوں پر 83جبکہ کپتان شاداب خان نے 39گیندوں پر 69رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوون کانوے 18جبکہ آندرے گوس 2رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دونوں وکٹیں ابرار احمد نے حاصل کیں۔ قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 183رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 36گیندوں پر 66رنز کی ناٹ آئوٹ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3چھکے اور 6چوکے شامل تھے، کپتان سعود شکیل 42رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کوئٹہ کے شمائل حسین 21، خواجہ نافع 18اور بین ڈرموٹ نے 3رنز کی اننگ کھیلی جبکہ بیون جیکبز بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، ٹام کرن 22گیندوں پر 29بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان ارشاد اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



