لاہور ( سلمان حسین) کینسر کے علاج کے لئے نئی تاریخ رقم، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے شاندار ثمرات سامنے آنے لگے۔ پنجاب سائوتھ ایشین ریجن میں کینسر ٹریٹمنٹ میں سبقت لے گیا، صوبہ پنجاب سائوتھ ایشیا میں کینسر کے علاج کیلئے کو آبلیشن متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال میں پاکستان کے پہلے سرکاری کوآبلیشن سینٹر افتتاح کر دیا، مریم نواز نے میو ہسپتال میں سرجیکل وارڈ میں پہلی کوآبلیشن مشین کا معائنہ کیا۔ مریم نواز نے پنجاب میں 5مزید کوآبلیشن مشینیں منگوانے کا حکم جاری کیا اور کوآبلیشن کے لئے ڈاکٹرز اور سٹاف کا پول قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کوآبلیشن کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کیں اور پہلے کوآبلیشن سینٹر کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے ملاقات کر کے انہیں شاباش دی۔ مریم نواز نے کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کے لئے جانے والے کینسر پیشنٹ سے بات چیت بھی کی، سینئر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی نے کوآبلیشن مشین کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کوآبلیشن مشین پر کینسر سیل کولیکوڈ نائٹروجن کے ذریعے منفی 198ڈگری تک فریز کرکے ڈیڈ کیا جاتا ہے، دوسرے مرحلے میں کوآبلیشن مشین کے ذریعے کینسر سیل کو 83ڈگری تک ہیٹ اپ کرکے ختم کیا جاتا ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 60سے 120منٹ کے آپریشن کے بعد مریض چند ہی گھنٹے میں چلنے پھرنے کے قابل ہوتا ہے، کوآبلیشن مشین پر ایک مریض کے علاج میں تقریباً 16لاکھ خرچ ہوتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کوآبلیشن مشین کے ذریعے جگر، پھیپھڑے اور بریسٹ کینسر کا ابتدائی طور علاج کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز نے کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کے بعد صحت یاب ہونے والے پہلے5مریضوں سے ملاقات کی، رانا محمد اصغر اور دیگر مریضوں نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں محسن قرار دیا۔ رانا محمد اصغر کے جگر میں موجود کینسر کوآبلیشن مشین کے ذریعے ٹریٹ کیا گیا، رانا محمد اصغر، محمد اکرم، مس پروین اور اقبال بانو کوآبلیشن کے ذریعے کینسر ٹریٹمنٹ کرانے والے پہلے 5مریضوں میں شامل ہیں۔ سینئر انٹر وین شینل ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی بائیو انجینئر اور ٹیکنیشن چین سے ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ینگ ڈاکٹرز نے شعبہ صحت میں شاندار اقدامات پر مبارکباد دی۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کو۔ ابلیشن کے نئے اور جدید طریقہ کار کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج شروع ہونے پر بے حد خوش ہوں۔
پاکستان کے پہلے کو۔ ابلیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کا جلد اور مفت علاج میرا عزم ہے۔ دورہ چین میں چینی حکومت کے دریافت کرنے پر ہیلتھ کو پہلی ترجیح قرار دیا۔ دورہ چین میں نمائش کے دوران کو۔ ابلیشن مشین دیکھی اور پوری معلومات لی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی حکام نے کو۔ ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ کے بارے میں پوری بریفنگ دی اور ویڈیو دکھائی۔ کو۔ ابلیشن مشین بنانے والی کمپنی سے دورہ چین کے دوران ہی ایم او یو سائن کر لیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب نے پاکستان میںکینسر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی لانے میں لیڈ لی۔ انڈیا سمیت ریجن کے کسی بھی ہسپتال میں کو۔ ابلیشن مشین موجود نہیں۔ اگر کینسر کے لاچار مریض پر پیسے خرچ نہیں کرنے تو کہاں خرچ کرنے ہیں؟
کینسر کے مریض کا 100فیصد علاج مفت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے ضرورت مند کینسر مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ نواز شریف کینسر ہسپتال ابھی بن رہا ہے اس لیے فوری طور پر میو ہسپتال میں کو۔ ابلیشن ٹریٹمنٹ شروع کیا۔ نیا طریقہ علاج ہونے کی وجہ سے کامیابی کا تناسب کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ابتدائی طور پر کو۔ ابلیشن ٹریٹمنٹ کرانے والے کینسر کے پانچ مریض مکمل صحت یاب ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو کینسر ہو جائے تو پوری فیملی خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ کینسر کا روایتی علاج کرنے پر مریض ذہنی اور جسمانی طور پر ختم ہوجاتے ہیں۔ والدہ کو کینسر کی تکلیف سے گزرتے ہوئے خود دیکھا۔
مریم نواز نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو تکلیف اور پریشانی سے بچانے کے لئے میو ہسپتال میں فوری طور پر کو۔ ابلیشن سینٹر قائم کیا گیا۔ میو ہسپتال کو۔ ابلیشن سینٹر میں بریسٹ، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر کا علاج کیا جارہا ہے۔ کڈنی کینسر کا بھی کو۔ ابلیشن ٹریٹمنٹ کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ5کو۔ ابلیشن مشینیں اور لائیں گے جنہیں نشتر ملتان، راولپنڈی اور3نواز شریف کینسر ہسپتال میں نصب کریں گے۔ نواز شریف کینسر ہسپتال دسمبر میں فنکشنل ہوگا، مریم نواز نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لئے تمام سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے۔ پاکستان بالخصوص پنجاب کی عوام کی خدمت کا موقع ملنے پر اللہ کا شکر بجا لاتی ہوں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہی میرا عزم ہے۔



