پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

اراضی تنازع سمیت مختلف واقعات میں5افراد قتل،9زخمی

ہیئر میں مصطفیٰ خان،ناصر آباد میں بھائی کے ہاتھوں جائیداد مانگنے پر بہن قتل،رحیم یارخان میں 12سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق

لاہور،صفدر آباد:(بیوروچیف،نمائندگان)ہیئر کے علاقے میں زمین کے تنازع پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 25 سالہ سکیورٹی گارڈ مصطفیٰ خان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتول اور قاتل پشاور کے رہائشی ہیں ، مقتول کے بھائی اشفاق خان کی مدعیت میں نامزد ملزم الف خان اور اسماعیل خان وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔

لاہور میں ٹیمپل روڈ پر برگر شاپ کے مالک عابد اور ملازم احسان کے مابین لیٹ آنے پر جھگڑاہو گیا جس پر احسان نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر عابد اور حسین زخمی ہو گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔

مسلم ٹاؤن کے علاقے گلزار انڈرپاس کے قریب نہر سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔

سندر کے علاقے موہلنوال میں گلی میں کھڑا ہونے کے تنازع پر محمد بوٹا اور عبدالروف نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد شاہد، شعیب، حنیف ،رشید، نوید، محمد عمر اور نصیر زخمی ہو گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، پولیس نےمقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم بوٹا کو گرفتار کر لیا۔

لاہور کے علاقے ٹاؤ ن شپ میں ایک گھر سے خاتون کی پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت سومیا کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق خاتون کے شادی چار سال قبل ہوئی اور وہ دو بچوں کی ماں تھی۔

صفدرآباد کے نواحی گاؤں ناصر آباد میں جائیداد میں حصہ مانگنے پر بھائی نے بیوی اور ساس کے ساتھ مل کر سگی بہن کو قتل کردیا، مقتولہ کوثر بی بی نے اپنے بھائی بابر علی سے جائیداد میں حصہ مانگا جس پرطیش میں آکر اس نے اپنی بیوی اور ساس کے ساتھ مل کر بہن کے گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

رحیم یارخان میں 12سالہ ملازمہ کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا، مالک لاش والدہ کے حوالے کر کے روپوش ہو گیا۔ ظہور احمد نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی دوکمسن بھانجیاں12سالہ سمعیہ اور11سالہ ثناء گلشن اقبال کے رہائشی شیری نامی شخص کے گھر ملازمہ تھیں، گزشتہ شب شیری کا ملازم بچیوں کی والدہ کو اپنے ساتھ لے گیا اور مقتولہ سمعیہ کی لاش اس کے حوالے کر کے زبردستی خانپور پہنچادیا، بچی کے جسم اور گلے پر تشدد کے نشانات پائے گئے، ملزم گھر کو تالا لگا کر مقتولہ کی بہن ثناء سمیت روپوش ہو گیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button